حکومت اور اپوزیشن سندھ، بلوچستان کیلئے الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر متفق

  حکومت اور اپوزیشن سندھ، بلوچستان کیلئے الیکشن کمیشن ممبران کے ناموں پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کے ناموں پر اتفاق ہو گیا جبکہ چیف الیکشن کمشنرکے نام پر آئندہ ہفتے اتفاق رائے پیداہونے کا امکان ہے،حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا نام واپس لے لیا،حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے نئے ناموں کا تبادلہ جمعہ کو ہو گا۔چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کے تقرر کیلئے قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس چیئرپرسن ڈاکٹر شیریں مزاری کے زیر صدارت پارلیمینٹ ہاؤس میں ہوا،جس میں وفاقی وزرا اسد عمر،پرویز خٹک،علی محمد خان،سید فخر امام،اپوزیشن کی جانب سے شازیہ مری، سیدنوید قمر،سینیٹرمشاہد اللہ خان،رانا تنویر،رانا ثنا اللہ اور شیزا فاطمہ خواجہ نے شرکت کی۔اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر،سندھ اور بلوچستان کے ممبران کے تقرر کے حوالے سے غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں حکومت اوراپوزیشن نے جلد کسی ایک نام پراتفاق کرنے کا فیصلہ کیا۔ذرائع کے مطابق حکومت نے نئے نام کے لئے وقت مانگ لیا ہے،پارلیمانی کمیٹی کی طرف سے(آج)بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے نئے الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملہ پر مزید وقت لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سابق وفاقی سیکرٹری فضل عباس میکن چیف الیکشن کمشنر کیلئے مضبوط امیدوار ہیں،اپوزیشن نے حکومت کی طرف سے نامزدگی قبول کرنے کا عندیہ دے دیا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کا اگلا اجلاس پیر کو ہوگاجس میں سارے معاملات طے پا جائیں گے۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری پراتفاق ہو چکا ہے، چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق ہونا باقی ہے،حکومت چیف الیکشن کمشنر کیلئے نئے نام پیش کرے گی۔مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا معاملہ پارلیمنٹ میں ہی حل ہونا چاہیے،ہم چیف الیکشن کمشنر کے نام فائنل کرنے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں،اگلے اجلاس میں کسی نتیجے پر پہنچ جائیں گے،اگلے ہفتے کو جو اجلاس ہو گا اس میں فیصلہ ہو جائے گا،حکومتی ناموں میں تبدیلی آئے گی اور نئے ناموں میں سے کسی ایک پر اتفاق رائے ہونے کے امکانات ہیں۔
متفق

مزید :

صفحہ اول -