زندگی مہنگی، موت سستی، عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلایا جا رہا: سرا ج الحق 

زندگی مہنگی، موت سستی، عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلایا جا رہا: سرا ج ...

  



اسلام آباد،لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عدالتوں کے فیصلوں سے ثابت ہو گیاہے کہ طاقتو ر اور بااثر کے لیے ایک اور عام آدمی کے لیے دوسراقانون ہے۔ دونہیں ایک پاکستان کا نعرہ لگانے والوں کی اصلیت کھل کر سامنے آگئی ہے۔ اوگرا اور نیپرا منتخب ادارے نہیں مگر فیصلے یہی کرتے ہیں۔ حکومت نے ڈیڑھ درجن کے قریب ریگولیٹرز بنا رکھے ہیں جو عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلارہے ہیں۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح ان ریگولیٹرز نے بھی عوام کو یرغمال بنارکھاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران بے رحمی سے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں۔ عوام کے لیے دو وقت کے کھانے کا انتظام مشکل ہوچکا ہے، غریب فاقہ کشی پر مجبور ہیں مگر حکمران آئی ایم ایف کے حکم پر آئے روز تیل، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں سن کر غریب بغیر کچھ خریدے گھر چلا جاتاہے۔لوگوں کے لیے زندگی مہنگی اور موت سستی ہوچکی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہی ہے۔ ایک طرف محروم و مجبور اور پسا ہوا طبقہ ہے اور دوسری طرف طاقتو ر اور اشرافیہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ خود کو سیاہ و سفید کا مالک سمجھنے والی اشرافیہ عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے۔ لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے اعلیٰ معیار کی اور اسلام آباد سے پشاور تک غیر معیاری ہے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر