مستحکم ادارے، عوام کو صحت، تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کا مشن: گورنر پنجاب
لاہور(نمائندہ خصوصی) گور نر پنجاب چوہدری سرور سے چیئر مین ہلال احمر پنجاب جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق اور تنظیم مشائخ پاکستان کے شبیر صدیقی کی قیادت میں وفد کی ملاقات،مختلف ایشوز کے بارے میں گفتگو کی گئی۔ تفصیلات کے گزشتہ روز گور نر ہاؤس لاہور میں ہونیوالی ملاقات کے دوران چیئر مین ہلال احمر پنجاب جسٹس (ر) شیخ احمد فاروق نے گور نر پنجاب چوہدری سرور کو ادار ے کی کار کردگی اور عوامی فلا ح کیلئے شروع کیے جانیوالے مختلف پروگرامز کے بارے میں بتا یا جس پر گورنرپنجاب چوہدری سرور نے انکو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا تے ہوئے کہا موجودہ حکومت کا مشن اداروں کی مضبوطی اور عوام کو صحت اور تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ہے جس کیلئے تمام وسائل بیروکار لائے جا رہے ہیں۔ ہلال احمر کو وفاقی اور پنجاب حکومت مکمل سپورٹ فراہم کر ے گی تاہم مخیر حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ ہلال احمر کیساتھ تعاون کر یں۔ گور نر پنجاب نے کہا ملک میں اتحاد اور یکجہتی کیلئے مذہبی جماعتوں کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کوئی شک نہیں کہ ملک دشمن قوتوں کیخلاف علماء اور مشائخ نے ہمیشہ قوم کو متحد کیا ہے۔ تحر یک انصاف کی حکومت ملک میں دینی مدار س میں اصلاحات کے پروگرام پر بھی کام کر رہی ہے جسکے ذریعے دینی مدار س کے بچوں کو اعلی تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔حکومت کی کوشش ہے ہر پاکستانی کو ہر طرح کی تعلیم دیں، اسلام ہمیں انسانیت کا درس دیتا ہے، تعلیم سے کوئی بھی قوم انسانیت کی طرف جاتی ہے، دین اسلام ہمیں دنیا میں آنے کا مقصد بتاتا ہے، راہ حق کے بارے میں صرف تعلیم بتاتی ہے، دین ہمیں تعلیم اور انسانیت سکھاتا ہے، تعلیم سے دوری کی وجہ سے مسلمان تنزلی کا شکار ہوئے یکساں نظام تعلیم ترقی کیلئے ضروری ہے ہماری حکومت طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کریگی مدارس کے طلبا کو بھی جدید تعلیم کے ذریعے اوپر آنے کا موقع ملے گا۔گورنر پنجاب نے کہا اسوقت پاکستان کو دہشتگردی اور انتہا پسندی جیسے چیلنجز کا بھی سامنا ہے جن سے نمٹنے کیلئے حکومت افواج پاکستان اوردیگر سکیورٹی ادارے ملکر کام کررہے ہیں انشاء اللہ ہم پاکستان کو دہشتگردی اور انتہاپسندی جیسے ناسور سے مکمل طور پر پاک کر رہے ہیں۔ پاکستان اَمن کا گہوارہ بن رہا ہے اور ملک دشمن عناصر ہر محاذ پر ناکام ہو رہے ہیں۔
گورنر پنجاب