پاک چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈینز 2020  اختتام پذیر ہوگئی 

پاک چین مشترکہ بحری مشق سی گارڈینز 2020  اختتام پذیر ہوگئی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور چینی بحریہ کے مابین جاری دوطرفہ مشق سی گارڈینز۔2020 کی ایک شاندار اختتا می تقریب پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل آصف خالق بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب سے خطاب کے دوران، وائس ایڈمرل آصف خالق نے مشق سی گارڈینز - 2020 میں شرکت اور مشترکہ تعاون کے لئے چینی جنوبی تھیٹر کمانڈ کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے دونوں ممالک میں بالعموم اور دونوں بحری افواج کے مابین بالخصوص قائم  خوشگوار تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مشق سی گارڈینز۔2020 کے پیشہ ورانہ انعقاد پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا جو کہ دونوں بحری افواج کے لئے فائدہ مند رہی۔ اْنہوں نے مزید کہا کہ مشق کے انعقاد سے دونوں بحریہ کے مابین دو طرفہ پیشہ وارانہ تجربات کے تبادلے میں مدد ملے گی جس سے خطے میں محفوظ میری ٹائم ماحول کے قیام میں معاونت حاصل ہو گی۔قبل ازیں چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ڈانگ ژن نے بحری مشق سی گارڈینزکے دوران پیپلز لیبریشن آرمی کے بحری جہازوں اور عملے کی بہترین مہمان نوازی پر پاکستان بحریہ کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس مشق سے دونوں ممالک کے مابین قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی جس سے عمومی طور پر دونوں ممالک بالخصوص دونوں بحری افواج کو فائدہ ہو گا۔ ایڈمرل نے اس دوران مشق کے خاتمے کا باضابطہ اعلان بھی کیا۔مشق کے دوران پاکستان اور چینی بحریہ کی جنوبی تھیٹر کمانڈکے جہازوں پر مشتمل بیڑے اور میرین فورس کے اہلکاروں نے بحیرہ عرب میں مختلف بحری سرگرمیوں کا کامیاب مظاہرہ کیا۔ مشق کے ہاربر اور سی فیز کے دوران متعدد سینئیر عہدیداران نے بحری سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا۔مشق سی گارڈینز۔2020 نو دنوں پر محیط تھی جس کے انعقاد کا مقصد عصر حاظر کے روایتی اور غیر روایتی خطرات کو پیشہ ورانہ طریقوں سے نمٹنے کا تبادلہ اور باہمی تعاون کا فروغ تھا۔ مشق کی اختتامی تقریب میں دونوں بحری افواج سے تعلق رکھنے والے متعدد عسکری حکام نے شرکت کی۔