کراچی،داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا ساتواں جلسہ تقسیم اسناد

کراچی،داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کا ساتواں جلسہ تقسیم اسناد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا ساتواں جلسہ تقسیم اسناد منگل 14 جنوری 2020ء کو جامعہ داؤد کے جناح کیمپس کے سبزہ زار میں منعقد کیا گیا۔ جلسہ تقسیم اسناد کی صدارت مشیر تعلیم و پرو چانسلر جناب نثار احمد کھوڑو نے کی۔ داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں شعبہ انجینئرنگ کے Batch-16اور شعبہ آرکٹیکٹ کے Batch-15 کے 260 طلبہ و طالبات نے گریجویشن مکمل کی اور انہیں کانوکیشن میں ڈگریاں تفویض کی گئیں جبکہ امتیازی نمبر حاصل کرنیوالوں کو گولڈ اور سلور کے تمغے دیئے گئے۔ جلسہ تقسیم اسناد میں داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں نئی تاریخ رقم ہوئی اور ماسٹرز آف انجینئرنگ کی ڈگری لینے والے پہلے بیچ نے بھی پاس آؤٹ کیا۔ داؤد یونیورسٹی کے شعبہ انرجی اینڈ انوائرمنٹ انجینئرنگ کی طالبہ رابعہ سعید ولد عبدالسعید نے یونیورسٹی میں  ٹاپ پوزیشن حاصل کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ انجینئرنگ فیکلٹی میں بھی رابعہ سعید نے پہلی پوزیشن حاصل کی، آرکیٹیکٹ فیکلٹی میں ثناء اختر ولد اختر علی نے پہلی پوزیشن اور گولڈ میڈل حاصل کیا۔ یونیورسٹی کے تمام 9 شعبوں میں پہلی پوزیشن حاصل کرنیوالے 9 طلباء کو سلور میڈل سے نوازا گیا جس میں ثناء اختر ولد اختر علی (شعبہ آرکیٹک)، عبدالمعید صدیقی ولد عبدالمجید صدیقی (شعبہ کیمیکل انجینئرنگ)،طیبہ ولد ثناء اللہ (شعبہ کمپیوٹر سسٹم انجینئرنگ)، محمد شہریار علی ولد عبدالصمد (شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ)، رابعہ سعید ولد عبدالسعید (انرجی انوائرمنٹ انجینئرنگ)، عماد سرور ولد غلام سرور پٹھان (انڈسٹریل انجینئرنگ)، سلمان محمدی ولد اختر محمدی (میٹرلرجی اینڈمیٹریل انجینئرنگ)،فرقان علوی ولد سرفراز احمد علوی (شعبہ پٹرولیم گیس انجینئرنگ)، عریبہ تحسین ولد مختار احمد (شعبہ ٹیلی کمیونیکشن انجینئرنگ) شامل ہیں۔ کانووکیشن میں  وائس چانسلر داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے معزز پرو چانسلر اور مشیر تعلیم نثار احمد کھوڑو کو خوش آمدید کہا اور جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب میں کرتے ہوئے کہا کہ داؤد کالج کو یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے بعد پہلے وائس چانسلر کی حیثیت سے جامعہ کا چارج سنبھالا اور اب یونیورسٹی ایک بہترین تعلیمی ادارے میں تبدیل ہوچکی ہے جہاں صبح اور شام میں باقاعدگی سے کلاسز کا انعقاد ہماری کامیابی کی ترجمانی کررہا ہے، گزشتہ سات برس میں داؤد یونیورسٹی نے تیزی سے ترقی کی اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیاں اپنے عروج پر رہیں، سات سال کے عرصے میں ترقی اور استحکام توجہ کا مرکز رہی، ہم نے گرتے ہوئے ادارے کو ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کا درجہ ملنے کے ساتویں سال میں ساتواں کانووکیشن منعقد کرکے داؤد یونیورسٹی نے ثابت کیا کہ وہ انجینئر اور آرکیٹکٹ پیدا کرکے معاشرے کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہی ہے، ہم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ماسٹرز ڈگری کا اجراء شروع کیا اور آج پہلا بیج پاس آؤٹ ہوا جبکہ 191 طلباء ماسٹرز پروگرام اور 25پی ایچ ڈی کے اسٹوڈنٹس انرول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں تہہ دل سے مشیر تعلیم و پرو چانسلر نثار احمد کھوڑو کا شکرگزار ہوں جو داؤد یونیورسٹی تشریف لائے۔