محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم اختتام پذیرہوگئی

محکمہ ایکسائز سندھ کی روڈ چیکنگ مہم اختتام پذیرہوگئی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز سندھ کی کراچی کے علاوہ صوبے کے دیگر علاقوں میں ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں سے ٹیکس وصولی کی مہم دو جنوری جبکہ کراچی میں یہ مہم 10 جنوری تک جاری رہی ہے۔ روڈ چیکنگ مہم کے دوران مجموعی طور پر 29624 گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور ان سے 22106293 روپے ٹیکسز اور جرمانے کی مد میں وصول کئے گئے۔ یہ بات آج صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ روڈ چیکنگ مہم کے دوران صوبے بھر میں مختلف وجوہات کی بنا پر 978 گاڑیاں قبضے میں لیں گئیں جبکہ 2166 گاڑیوں کے کاغذات بھی ضبط کئے گئے۔ اجلاس کو مذید بتایا گیا کہ کراچی سے 4704824, حیدرآباد سے 3967677, سکھر سے 2395168, لاڑکانہ سے 4635966، میرپور خاص سے 3160696 اور شہید بے نظیر آباد سے 3241962 روپے ٹیکسز اور جرمانے کی مد میں وصول کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چالہ نے روڈ چیکنگ مہم کی کامیابی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے افسران اور عملے کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ روڈ چیکنگ مہم میں عوام کا تعاون بھی اچھا رہا اور امید ہے کہ ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان اپنے ٹیکسز جلد جمع کروادیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ وقتا فوقتا میڈیا کے ذریعے ٹیکس نادہندہ گان گاڑیوں کے مالکان کو ٹیکس جمع کروانے کی ترغیب دیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...