کراچی کو ضرورت کے مطابق فی الفور گیس دی جائے ٗحافظ نعیم الرحمن

کراچی کو ضرورت کے مطابق فی الفور گیس دی جائے ٗحافظ نعیم الرحمن

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شہر میں گیس کا بحران مسلسل ایک ماہ سے جاری ہے،صنعتی اداروں کو گیس کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی لیکن شہر میں سی این جی اسٹیشنز اور گھریلو صارفین کو بدستور گیس کی شدید قلت کا سامنا ہے،خواتین کھانا بنانے سے قاصر ہیں،شہریوں کو گیس نہ ملنے اور سی این جی اسٹیشنز مستقل بند رہنے سے شہری شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں۔شہر میں پہلے ہی پبلک ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے اورجو ہے وہ بھی گیس بحران کی وجہ سے عملاً بندہے،پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے لاکھوں عوام روزانہ سڑکوں پر کئی کئی گھنٹے گاڑیوں کا انتظار کرتے رہتے ہیں، کوچوں اور مزدا کی چھتوں پر اور دروازوں پر لٹک کر سفر کرنے پر مجبور ہیں بالخصوص خواتین،بچے،بزرگ اور طلبہ و طالبات شدید متاثر ہورہے ہیں،گیس لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی مفلوج کردی ہے،حکومت کی جانب سے بار بار یقین دہانی کے باوجود گھریلوصارفین کے لیے اب تک گیس کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن نہیں بنایا گیا اور نہ ہی سی این جی اسٹیشنز پر گیس بحال کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومتی ذمہ داران اور ایس ایس جی سی حکام گیس کی فراہمی کے جھوٹے وعدے کررہے ہیں لیکن اس کے باوجود کراچی کو اس کے کوٹے کے مطابق گیس فراہم نہیں کی جاتی، ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے،حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کراچی کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے اورصنعتی اداروں کی ضروریات بھی پوری کی جائیں تاکہ صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے۔

مزید : صفحہ اول


loading...