سندھ ایک ایسا صوبہ جہاں کوئی تقسیم قبول نہیں ہے: عمران اسماعیل

سندھ ایک ایسا صوبہ جہاں کوئی تقسیم قبول نہیں ہے: عمران اسماعیل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسمعیل نے کہا ہے کہ سندھ ایک ایسا صوبہ ہے جہاں کوئی تقسیم قبول نہیں ہے اور نہ ہی اس کی تقسیم ہمارے منشور میں شامل ہے۔منگل کو کراچی میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ساتھ ہیں اور مضبوطی سے کھڑے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ کی گیس کے جائز حق کے لیے صوبے کے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر کو اس حوالے سے نظرثانی کی ہدایت کی ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ وزیراعظم جو مزید پیکیج بنارہے ہیں وہ پورے سندھ پر محیط ہوں۔انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے ہماری اتحادی جماعتوں میں سے ایک ہے، جی ڈی اے اور پی ٹی آئی دونوں جماعتیں ساتھ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں یہاں کسی کو منانے نہیں آیا کیونکہ کوئی روٹھا نہیں ہے۔عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم کی جانب سے مطالبات میں سندھ کی تقسیم کا بل رکھا ہے اسمبلی میں پیش ہونے پر پی ٹی آئی کی حمایت سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ یہ بات میں کئی بار واضح کرچکا ہوں کہ پاکستان میں مزید صوبوں کی ضرورت ہے لیکن وہاں ہے جہاں کے لوگ ایسا چاہتے اور سمجھتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ ایک ایسا صوبہ ہے جہاں کوئی تقسیم قبول نہیں ہے لہذا اسے واضح کرلیں کہ جب سندھ کی بات ہوتی ہے سندھ کے عوام کی بات ہوتی ہے تو ان کی خواہش ہے کہ سندھ ایک تھا، ایک ہے اور رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم سندھ کے بیٹے ہیں ہم ایسے کیسے بات کرسکتے ہیں کہ اپنے سندھ کو تقسیم کردیں، سندھ کی تقسیم ہمارے منشور میں شامل نہیں ہے۔

مزید :

صفحہ اول -