سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ کی کوششیں رنگ لائی ہیں، عاطف خان

سیاحت کے فروغ کیلئے محکمہ کی کوششیں رنگ لائی ہیں، عاطف خان

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)پچھلے موسم سرما کے سیزن میں ایک لاکھ سات ہزار دو سو سیاح گلیات کے حسین نظاروں سے محظوظ ہوئے جبکہ رواں سیزن میں اب تک 258600 سیاحوں نے گلیات کا رخ کیا ہے۔محکمہ سیاحت خیبر پختون خوا کی سیاحت کے فروغ کے لئے کوششیں رنگ لا ئی ہیں۔بنیادی انفراسٹرکچر میں بہتری اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بدولت سیاحوں کی تعداد میں پچھلے سال کی نسبت ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے موسم سرما میں سیاحوں کی آمد کے حوالے سے اعداد وشمار جاری کئے۔اعدا وشمار کے مطابق پچھلے سال موسم سرما میں برف باری کا نظارہ دیکھنے کے لئے سیاحوں کی 26800 گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئی تھی۔ان گاڑیوں میں ایک لاکھ سات ہزار دو سو سیاح گلیات کے حسین نظاروں سے محظوظ ہوئے جبکہ رواں سیزن میں صرف دسمبر سے اب تک سیاحوں کی 69650 گاڑیاں گلیات میں داخل ہوئی ہیں۔ان گاڑیوں میں 258600 سیاحوں نے گلیات کا رخ کیا اور برف باری سے محظوظ ہوئے۔گلیات میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بتدریج جاری ہے. روزانہ ہزاروں کی تعداد میں برفباری کا مزہ لینے کے لئے سیاح گلیات کا رخ کررہے ہیں۔ سینئر وزیر برائے سیاحت عاطف خان نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتھارٹی بھاری مشینریوں کے ذریعے سڑکوں سے برف ہٹانے کا عمل یقینی بنائے تاکہ سیاحوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔گلیات میں صفائی کی صورتحال بھی یقینی بنائی جائے اور گند پھیلانے والوں سے بھاری جرمانے وصول کریں،ریسٹورنٹس پر صفائی اور سیاحوں کو معیاری خواراک مناسب قیمت پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...