مہمند، بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری

  مہمند، بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری

  



مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری۔ 2 مختلف مقامات پر روڈ بلاک۔ لوڈشیڈنگ میں کمی کا مطالبہ۔ اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند کی یقین دہانی پر احتجاج ختم۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں سخت سردی کے باؤجود بجلی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ جس کے خلاف روزانہ کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے جاتے ہیں جس سے آئے روز سڑک بلاک کئے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں منگل کے روز بھی تحصیل حلیمزئی میں میاں منڈی بازار اور شاتی کور میں مقامی لوگوں نے بجلی لوڈ شیڈنگ کے خلاف الگ الگ احتجاجی مظاہرے کئے اور مظاہروں کے دوران پشاور ٹو باجوڑ شاہراہ ہر قسم ٹریفک کیلئے بند رکھا گیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی لوڈ شیڈنگ میں کمی کی جائے اور تمام بجلی لائنوں میں بلا امتیاز بجلی سپلائی کی جائے۔ بعد میں اسسٹنٹ کمشنر اپر مہمند حامد اقبال کی یقین دہانی پر احتجاجی مظاہرے ختم کئے گئے۔ علاقے میں بجلی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار زندگی متاثر ہوئی ہے۔ مساجد میں پانی ناپید ہو چکا ہے اور لوگ پانی کی ضروریات پورا کرنے کیلئے سروں اور ہاتھ گاڑیوں میں پانی لانے پر مجبور ہیں۔ ایک طرف سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری طرف بجلی کی طویل اور ظالمانہ لوڈ شیڈنگ سے لوگ عاجز آچکے ہیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر


loading...