پی ٹی آئی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر عمل پیراہے: شکیل ایڈووکیٹ
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر مال شکیل احمد ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی ائی کی حکومت حسب وعدہ تبدیلی کے نعرے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے اور اس نے ہر شعبے میں شفافیت اور میرٹ کی بالا دستی قائم کرکے حقیقی تبدیلی کا عملی طور پر آغاز کردیاہے جسے ہر سطح پر پزیرائی مل رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاکنڈ میں میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیاانہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی حکومت نے رشوت اور اقرباء پروری کا خاتمہ کرکے تمام سرکاری اداروں کو نئے خطوط پر استوار کردیاہے اور یہ وہ تبدیلی ہے جس کا تحریک انصاف نے لوگوں سے وعدہ کیا تھا۔انھوں نے مزید کہا کہ عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے اور ان کے توقعات پر پور ا اترنے کی کوشش کریں گے۔شکیل احمد خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نے تعلیم،صحت،پولیس اور دیگر محکموں و اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوام کے سامنے جوابدہ بنادیا ہیں۔ان کا کہناتھا کہ ماضی میں لوٹ مار کرنے والے کرپٹ سیاسی مخالفین تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن وہ باشعور عوام کو کبھی بھی گمراہ نہیں کرسکتے۔اس موقع پر انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کہا کہ اربوں روپے کی خطیر رقم سے ضلع ملاکنڈ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہاہے۔انہوں نے حکام پر واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کے کام کے معیار اور مدت تکمیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگااور انہیں ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کریں گے۔