ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے ساتھ مقرر وقت پر مکمل کیا جائے: سید ناصر شاہ 

ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے ساتھ مقرر وقت پر مکمل کیا جائے: سید ناصر شاہ 

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے شہر میں جاری تمام سالانہ ترقیاتی منصوبوں کو معیار کے ساتھ وقت مقررہ پر مکمل کرنے کیلئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ ان کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچانے کے عمل کو یقینی بنایا جاسکے۔ ان منصوبوں کی تکمیل ٹریفک کی روانی، ٹریفک جام کی اذیت سے نجات، لوگوں کا وقت اور فیول بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کے ساتھ محکمہ بلدیات کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کی صداررت کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری بلدیات روشن علی شیخ، ڈی جی کے ڈی اے/ایم سی کے ایم سی ڈاکٹر سید سیف الرحمان، ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان، ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر جمال الدین، اسپیشل سیکریٹری ٹیکنیکل محکمہ بلدیاتی ایس ایم طحہ، ڈی جی لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی فاروق لغاری، پروجیکٹ ڈائریکٹر ملیر ایکسپریس وے نیاز سومرو، سینئر ڈائرئکٹر لینڈ اینٹی انکروچمنٹ اتھارٹی بشیر صدیقی، سینیئر ڈائریکٹر (ای پی او) ولائت علی، ماہر ماحولیات نعیم قریشی و دیگر افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام میگا پروجیکٹ کی تکمیل میں شجرکاری کو لازمی قرار دیا جائے۔ منصوبوں کی شروعات کے ساتھ ہی شجرکاری بھی شروع کی جائے۔ اجلاس میں شہر میں جاری تمام سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اداروں کے افسران کی جانب سے جداگانہ تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سڑکوں اور پلوں کی تعمیر، پانی اور سیوریج کی لائنوں کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر افسران کو تاکید کی کہ منصوبوں کی تعمیر میں استعمال میں ہونے والے میٹریل کے معیار و کوالٹی کا خاص خیال رکھا جائے جبکہ منصوبوں کا کنٹریکٹ دیتے ہوئے تمام تر قانونی تقاضوں کو شفافیت سے پورا کیا جائے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے لا گت میں اضافے کو روک سکتے ہیں اور مقررہ تخمینہ میں انھیں مکمل کرسکتے ہیں جبکہ منصوبوں کی تعمیر کے دوران عوام کو ہونے والی پریشانیوں اور تکالیف بھی جلد دور کی جاسکتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کیئے جائیں۔ اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ہی عوام کو سہولیات فراہم کرنے کا موثر ذریعہ ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کسی بھی ترقیاتی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بجائے ان منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل پر یقین رکھتے ہیں اور جس طرح انھوں نے گذشتہ دنوں کراچی کے متعدد میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اسی طرح جلد ہی وہ دیگر میگا ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کریں گے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت وعدوں سے زیادہ عملی اور ٹھوس اقدامات میں مصروف ہے۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا کہ میگا پروجیکٹ میں ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی رکھے جائیں۔ لانڈھی میں جاری انڈسٹریل ایریا میں سڑکوں کی تعمیر کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے جبکہ وہاں پر بیوٹیفکیشن اور شجرکاری کے حوالے سے متعلقہ صنعتکاری کو بھی شریک کیا جائے۔ شاہراہ فیصلل پر ڈرگ روڈ کے مقام پر یوٹرن کی تعمیر جلد شروع کی جائے۔ تجاوزات کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ نالوں کے اطراف تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے جبکہ رفاعی پلاٹوں پر سے ہٹائی گئی تجاوزات کو دوبارہ قائم نہ ہونے دی جائے اس سلسلے میں ایک ٹاسک فورس بھی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 

مزید : صفحہ اول


loading...