ایرانی میزائل حملے میں طیارے کی تباہی،کینیڈین وزیراعظم نے یوکرائنی صدر سے لاشوں کی شناخت کیلئے مدد مانگ لی
ٹورنٹو(ڈیلی پاکستا ن آن لائن)یوکرائنی طیارے کی ایرانی میزائل حملے میں تباہی پر کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو میدان میں آگئے۔لاشوں کی شناخت کیلئے یوکرائنی صدر سے مدد مانگ لی۔
رائٹرز کے مطابق یوکرائنی حکومت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے ولادیمیرزیلینسکی سے کہا ہے کہ وہ کینیڈین باشندوں سمیت طیارہ حادثہ کے ہلاک شدگان کی لاشوں کی شناخت میں معاونت کریں ۔
واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے عراق میں موجود امریکی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا تھااسی دوران ایک یوکرائنی طیارہ بھی ایک میزائل حملے کا نشانہ بناجسے ایرانی حکومت نے ایک بھیانک غلطی قرار دیا ہے۔ تہران سے یوکرین کے دارالحکومت کیف جا نے والے اس طیارے پر 176مسافرسوار تھے جن کا تعلق کینیڈا،ایران، سوئیڈن اور یوکرائن سے تھا۔
ایران نے معاملے کی تحقیقات اور لاشوں کی واپسی سے متعلق معاملات میں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔