تین ماہ میں مسئلہ حل نہ ہوا تو قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کریں گے،سپریم کورٹ نے نیا نیب قانون لانے کیلئے3 ماہ کی مہلت دیدی

تین ماہ میں مسئلہ حل نہ ہوا تو قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کریں گے،سپریم ...
تین ماہ میں مسئلہ حل نہ ہوا تو قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کریں گے،سپریم کورٹ نے نیا نیب قانون لانے کیلئے3 ماہ کی مہلت دیدی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ازخودنوٹس کیس میں نیا نیب قانون لانے کیلئے 3ماہ کی مہلت دیدی۔سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے ہیں کہ توقع کرتے ہیں حکام نیب قانون سے متعلق مسئلے کو حل کرلیں گے، تین ماہ میں مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب آرڈیننس کی شق 25 اے ازخودنوٹس کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے سماعت کی،چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا نیب آرڈیننس کی شق 25 اے کے معاملے پر ترمیم ہوگئی ہے؟جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیاکہ نیب آرڈیننس کا سیکشن 25 اے ختم ہوا یا اس میں ترمیم ہوئی؟۔

سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں نیب آرڈیننس سے متعلق بل موجود ہے، سینیٹ قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد معاملہ ایوان میں جائے گا، بل کے مطابق نیب کے آرڈیننس 25 اے کو مکمل طور پر ختم کیا جارہا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ کیا آپ اس معاملے پر بحث کرنا چاہتے ہیں، ہم تو معاملہ نمٹانے لگے ہیں،بحث کرنی ہے تو نیب آرڈیننس کے سیکشن 25 اے کو آئین سے متصادم ثابت کریں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا موقف ہے کہ رضاکارانہ رقم کی واپسی کرنے والا شخص جرم بھی تسلیم کرے؟کیا رضاکارانہ طور پر رقم واپس کرنے والے شخص کو سزا یافتہ تصور کیا جائے؟کیا نیب آرڈیننس کے سیکشن 25 اے سے اب بھی کوئی مستفید ہورہا ہے؟۔

جسٹس اعجازالاحسن نے کہا کہ نیب کے بہت سے قوانین ہیں آپ کا مقدمہ سیکشن 25 اےسے متعلق ہے، اس حوالے سے بل حکومت کا نہیں بلکہ فاروق ایچ نائیک کا ہے،سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں نیب آرڈیننس سے متعلق پرائیویٹ ممبربل موجود ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ موجودہ اٹارنی جنرل کا موقف گزشتہ اٹارنی جنرل سے مختلف ہے، چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ نیب کا قانون ہے کہ پہلے انکوائری ہوگی پھر تحقیقات، 200 گواہ بنیں گے، اس طرح تو ملزم کے خلاف زندگی بھر کیس ختم نہیں ہوگا، کرپشن کی رقم واپس کرنے والوں کو نتائج کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

سپریم کورٹ نے نیا نیب قانون لانے کےلئے 3ماہ کی مہلت دے دی،عدالت نے کہا کہ توقع کرتے ہیں حکام نیب قانون سے متعلق مسئلے کو حل کرلیں گے، نیب سے متعلق مناسب قانون پارلیمنٹ سے منظور ہوجائے گا، اٹارنی جنرل کے مطابق نیب قانون میں ترمیم کابل پارلیمنٹ میں پیش ہوچکاہے، حکومت نیب قانون میں ترمیم کیلئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے، تین ماہ میں مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلہ کرے گی۔

چیف جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نیب کوپلی بارگین سے روک چکی ہے،جب تک پارلیمنٹ قانون سازی نہیں کر لیتی یہ اختیار استعمال نہیں ہو گا، چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ حکومت نیب قانون کے معاملے کو زیادہ طول نہ دے،نیب قوانین میں ترامیم پارلیمنٹ کا کام ہے، سپریم کورٹ نے نیب کی دفعات کو غیر آئینی قرار دیا تو نیب فارغ ہو جائے گی۔چیف جسٹس گلزاراحمد نے کہاکہ کیا حکومت چاہتی ہے کہ نیب کے قانون کو فارغ کر دیں؟حکومت نے نیب آرڈیننس لا کر نیب کے پر کاٹ دیئے ہیں،نیب میں تو دس دس سال کیس پڑے رہتے ہیں۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد