” آپ حلف دینے کیلئے تیار ہیں کہ رانا ثنا اللہ پر درست کیس بنا؟“ڈی جی اے این ایف نے انتہائی حیران کن جواب دیدیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اور ان کے حلف اٹھانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر معاملات حلف سے چلتے ہیں تو عدالتوں کو تالا لگادیں۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ’آپ حلف دینے کو تیار ہیں کہ رانا ثنا اللہ پر درست کیس بنا؟‘ جس پر میجر جنرل عارف ملک نے حیران کن جواب دیتے ہوئے کہاکہ ’اگر معاملات حلف سے چلتے ہیں تو عدالتوں کو تالا لگادیں۔‘انہوں نے کہادونوں پارٹیوں نے حلف اٹھالیا ہے اب معاملے کی لاٹری ڈال لیں،لاٹری میں سے جس کا نام نکل آئے وہ گنہگار ہوگا۔
ڈی جی اے این ایف نے مزید کہا کہ کیا کبھی کسی ملزم نے تسلیم کیا کہ وہ گنہگار ہے؟، سرعام قتل کرنے والے بھی خود کو مجرم نہیں مانتے۔انہوں نے کہارانا ثنا اللہ کو چاہئے کہ وہ عدالت میں ثبوت دیں۔
واضح رہے کہ یاد رہے کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ کو 2 جولائی 2019 کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثناءکی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔رانا ثناءاللہ نے عدالت سے رجوع کیا اور پھر 24 دسمبر 2019 کو لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثناءاللہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔رانا ثناءاللہ کی جانب سے 10، 10 لاکھ روپے کے دو حفاظتی مچلکے جمع کرائے جانے کے بعد 26 دسمبر کو انہیں رہا کر دیا گیا۔
رہائی کے بعد پارلیمنٹ میں آکر رانا ثنا اللہ نے قرآن پاک اٹھالیااور کہا کہ وہ بے گناہ ہیں، جبکہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات شہر یار آفریدی نے بھی اپنے موقف پر قائم رہنے کا عزم دہرایاتھا۔