بھانجی کی تصاویردکھا کر لڑکوں کے جذبات سے کھیلنے اور انہیں لوٹنے والی خالہ پکڑی گئی

بھانجی کی تصاویردکھا کر لڑکوں کے جذبات سے کھیلنے اور انہیں لوٹنے والی خالہ ...
بھانجی کی تصاویردکھا کر لڑکوں کے جذبات سے کھیلنے اور انہیں لوٹنے والی خالہ پکڑی گئی

  



کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)نوجوان لڑکی بن کر لڑکوں کو لوٹنے والی ادھیڑ عمرخاتون پکڑی گئی۔خاتون سوشل میڈیا پر اپنی بھانجی کی تصاویرلگا کر محبت کو ترسے ہوئے لڑکوں کے جذبات سے کھیلتی اور ان کو بے وقوف بناتی رہیں۔پکڑے جانے پر تمام جرائم کااعتراف کرلیا۔

سما ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کراچی کی رہائشی ایک ادھیڑخاتون نوجوان لڑکی بن کر لڑکوں کو بے وقوف بناتی رہی۔انہیں محبت اور شادی کے جھانسے دے کر رقم لوٹتی رہی اور تحائف کا مطالبہ کرتی تھی۔

دوسری جانب وہ لڑکی جس کی تصاویر استعمال ہو رہی تھیں اس نے پتہ چلنے پر ایف آئی کو رپورٹ کردیا، جس کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران پتہ چلا کہ اس لڑکی کی تصاویرلگانے والی خاتون اس کی سگی خالہ ہیں جو لڑکوں سے باتیں خود کرتی تھیں تاہم جیسے ہی کوئی تصاویر کا مطالبہ کرتا وہ اپنی بھانجی کے فوٹو بھجوادیتیں۔اور اگر کوئی شادی کی بات کرتا یا ملنے پر اصرار کرتا تو یہ اسے بلاک کردیتی تھیں۔

رپورٹ کے مطابق پہلے تو خاتون نے الزامات سے انکار کیا لیکن جب ایف آئی اے نے تکنیکی بنیادوں پر بات ثا بت کردی تو خاتون نے موقف اختیار کرلیا کہ یہ سب وہ خود نہیں بلکہ اس کی بیٹی کرتی تھی۔

تحقیق کے دوران پتہ چلا کہ وہ خاتون سات سال سے لاہور کے ایک نوجوان کو لوٹ رہی تھیں  جو 7 سال سے بھانجی کے تصور میں ’خالہ جان‘ کی ’محبت‘ سمیٹ رہا تھا۔جب اس لڑکے نے شادی کی بات کی تو اس خاتون نے حسب عادت اسے بھی بلاک کردیا۔ جس پر لڑکے نے بھی ایف آئی اے سے رجوع کیااور تصویر کی مدد سے لڑکی کو بھی ڈھونڈ نکالا۔جس کے بعد ساری کہانی کھل کر سامنے آئی۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں کہ یہ سلسلہ کب سے جاری ہے اور اب تک کتنے لوگوں کو لوٹا جاچکا ہے۔خاتون پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ ایزی پیسہ اور موبائل کارڈز کے علاوہ تحائف بھی منگواتی تھیں۔

دوسری جانب گرفتار خاتون نے ایف آئی حکام کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس سے غلطی ہوگئی ہے اور وہ اس پر نادم ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /علاقائی /سندھ /کراچی