ماں کے گلے سے چھینی گئی چین آدمی کو 33 سال بعد واپس مل گئی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک شخص کو اپنی والدہ کے گلے سے چھینی گئی چین 33سال بعد واپس مل گئی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق 68سالہ دلیپ شا نامی اس شخص کی والدہ 1986ءمیں مندر جا رہی تھی کہ راستے میں ڈاکوﺅں نے اس کی والدہ کو لوٹ لیا اور اس کے گلے سے یہ چین کھینچ کر نکال لی اور فرار ہو گئے۔ دلیپ کا کہنا تھا کہ ہم نے پولیس میں رپورٹ درج کروائی اور کئی سال تک پولیس سے کیس میں پیشرفت کے حوالے سے رابطہ رکھا لیکن میری ماں کی موت کے بعد ہم نے پولیس سے رابطہ ختم کر دیا۔ چند ماہ قبل ہمیں پولیس کی طرف سے ایک لیٹر ملا کہ انہوں نے میری ماں کی چین ریکور کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی طرف سے گزشتہ روز 104شہریوں کو ان کا چوری اور ڈکیتی میں چھینا گیا مال واپس کرنے کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ اس تقریب میں 62سالہ دلیپ کو اس کی والدہ کی چین واپس کی گئی۔ چین کو ہاتھ میں پکڑ کر دلیپ فرط جذبات سے رو پڑا۔ جب وہ چین گھر لے کر گیا اور اپنے 82سالہ باپ کو دی تو اس کی آنکھیں بھی نم ہو گئیں۔ دلیپ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ کی یہ چین اسی مندر کو دان کر دیں گے جس مندر کی طرف جاتے ہوئے اس کی والدہ کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی۔