حکومت نوجوانوں کو قبر کا راستہ دکھانے کی بجائے روزگار کے مواقع دے،جلد حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کریں گے :سینیٹر مشتاق احمد خان

 حکومت نوجوانوں کو قبر کا راستہ دکھانے کی بجائے روزگار کے مواقع دے،جلد حکومت ...
 حکومت نوجوانوں کو قبر کا راستہ دکھانے کی بجائے روزگار کے مواقع دے،جلد حکومت کے خلاف عوامی تحریک شروع کریں گے :سینیٹر مشتاق احمد خان

  



 پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ کردیا ہے،آئے روز مہنگائی سے عوام کا جینا دُوبھر ہوگیا ہے،حکومت ہر مہینے بجلی، تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب عوام کی چیخیں نکال رہی ہے جبکہ وزیراعظم قوم کو اب بھی نہ گھبرانے کی صلاح دے رہے ہیں،حکومت نے نوجوانوں کے لئے ایک کروڑ نوکریوں کا اعلان کیا لیکن نوجوانوں سے خطاب میں وزیراعظم نے قبر میں سکون کی بات کرکے اپنی ناکامی اوربے بسی کا اظہارکیا،رہائش پناہ گاہوں میں، کھانا لنگر خانوں میں اور سکون قبر میں پی ٹی آئی کا نیا وژن ہے،حکومت نوجوانوں کو قبر کا راستہ دکھانے کی بجائے روزگار کے مواقع دے،بہت جلد حکومت کی ناکام پالیسیوں، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف عوامی تحریک شروع کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی اور وفاقی حکومتیں مکمل ناکامی کا شکار ہونے جارہی ہیں، صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتوں کی نا اہلیوں، بیڈ گورننس اورغیرسنجیدگی کی وجہ سےمہنگائی میں تیز ترین اضافہ اور اشیا ءخورد و نوش کی آسمان سےباتیں کرتی قیمتوں نےعوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت نےجو وعدے،دعوی اور سبز باغ دکھائےتھےوہ سب فراڈ،دھوکہ اورفریب ثابت ہوئے،حکومت نےایک سال کےدوران سب سےزیادہ قرضے لینے کاریکارڈ قائم کیا،اِس وقت پاکستانی معیشت حالت نزع میں اور قریب المرگ ہے،ایف بی آر اپنا کوئی ہدف بھی پورا نہیں کرسکی،تجارتی خسارہ بڑھ گیا ہے اور مہنگائی و بے روزگاری میں اضافہ ہوگیا ہے،یہ نیا نہیں مہنگا اور غربت والا پاکستان ہے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور


loading...