ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ’پھانسنے‘ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کون سا ’جال‘ بننے میں مصروف ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ’پھانسنے‘ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کون سا ...
ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقی کھلاڑیوں کو ’پھانسنے‘ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کون سا ’جال‘ بننے میں مصروف ہے؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
سورس:   Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے 20رکنی ابتدائی پاکستانی سکواڈ کا اعلان آج ہوگا اور سیریز میں جیت کیلئے سازگار ہوم کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے سپن کا جال مضبوط بنانے کی تدبیریں کی جا رہی ہیں اور یاسر شاہ کیساتھ کسی ایک سپنر کو موقع ملنے کا قوی امکان ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز کیلئے ابتدائی 20رکنی سکواڈ کا اعلان آج کریں گے جس میں نیوزی لینڈ میں کرکٹرز کی کارکردگی اور ہوم کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے چند تبدیلیوں کاامکان ہے، خاص طور پر پہلے ٹیسٹ میں نیشنل سٹیڈیم کی پچ کی روایتی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سپن کا جال مضبوط بنانے کی کوشش ہو گی۔ 

ذرائع کے مطابق شان مسعود اور حارث سہیل کی ٹیسٹ سکواڈ میں جگہ خطرے میں ہے کیونکہ اوپنر شان مسعود نیوزی لینڈ اے کیخلاف4روزہ میچ کی دونوں اننگز میں 22رنز بنا سکے تھے، انہوں نے ماﺅنٹ منگنوئی ٹیسٹ کی پہلی باری میں 10رنز بنائے، دوسری میں کھاتہ کھولنے سے قبل ہی رخصت ہوگئے،کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میں پہلی کے بعد وہ دوسری اننگز میں بھی سکوربنائے بغیر پویلین لوٹ گئے، حارث سہیل نے دونوں ٹیسٹ کی4اننگز میں صرف 28رنز بنائے،ان کا سب سے بڑا سکور 15 رہا جبکہ تین بار وہ دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکے۔ 

ذرائع کے مطابق دونوں کیلئے سکواڈ میں جگہ برقرار رکھنا ممکن نظر نہیں آ رہا، ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے کامران غلام سمیت چند ڈومیسٹک پرفارمرز بھی سلیکٹرز کے ریڈار میں ہیں، سینئر فاسٹ باﺅلر محمد عباس کو آرام دینے پر غورکیا گیا ہے، دورہ انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ میں بھی کوئی میچ نہ کھیلنے والے سہیل خان کو بھی ڈراپ کیا جا سکتا ہے، قائد اعظم ٹرافی کے 9میچز میں 43وکٹیں حاصل کرنے والے حسن علی کی سکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔

نیوزی لینڈ میں ناکامی کے باوجود ہوم سیریز میں سازگار کنڈیشنز کے پیش نظر یاسر شاہ کو برقرار رکھا جائے گا، ظفر گوہر نے نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلا تھا اور بیٹنگ میں بہتر کارکردگی بھی دکھائی مگر باﺅلنگ میں قطعی طور پر متاثر نہیں کیا، البتہ ایشین کنڈیشنز میں وہ بہتر ثابت ہوسکتے ہیں، سپنر نعمان علی اور ساجد خان کے ساتھ زاہد محمود کا نام بھی زیر غور آیا ہے تاہم ایک لیگ سپنر یاسر شاہ کی موجودگی میں زاہد محمود کے بجائے دیگر دو میں سے کسی ایک کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ 

مزید :

کھیل -