’ راجکماری کی انتشار کی سیاست کو ٹھنڈ لگ چکی، کنیز اول اور کنیز دوئم کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے ‘

’ راجکماری کی انتشار کی سیاست کو ٹھنڈ لگ چکی، کنیز اول اور کنیز دوئم کی قسمت ...
’ راجکماری کی انتشار کی سیاست کو ٹھنڈ لگ چکی، کنیز اول اور کنیز دوئم کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے ‘

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے ا طلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) ٹولے پر ہر طرف مایوسی کی دھند چھائی ہوئی ہے، پی ڈی ایم ٹولے کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں، استعفے خواب بن گئے، اسلام آباد دھرنا بھی سراب ہے،راجکماری کی انتشار کی سیاست کو ٹھنڈ لگ چکی،کنیز اول اور کنیز دوئم کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ راجکماری اور شہزادے نے ایک بار پھر مولانا سے ہاتھ کردیا ہے، مولانا حلوہ کھانے کا انتظار کرتے کرتے تھک جائیں گے،مسترد شدہ عناصر صرف ایک دوسرے کو دھوکہ دے رہے ہیں، پی ڈی ایم کی منفی سیاست دفن ہوچکی ہے،تاریخ پر تاریخ دینے والوں کو شرم ہے نہ حیا، یہ لوگ تھوک کر چاٹ رہے ہیں،تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا بدبودار بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے اور کورونا کے دوران انسانی زندگیوں سے کھیلنے والا بے رحم ٹولہ بے بسی کی تصویر بن چکا ہے، اپوزیشن نے عوام کی زندگیوں کی کوئی پرواہ نہیں کی، اس ٹولے کے منفی رویے سے کورونا کی وباء میں اضافہ ہوا۔معاون خصوصی کا صوبے میں کورونا کی صورتحال بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ  اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے میں کورونا کے چھ سو اکسٹھ  نئے مریض رپورٹ ہوئے اور پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ سنتالیس ہزار 9 سو 53 ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے میں کورونا کے 22 مریض جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 24 گھنٹے کے دوران 14ہزار سات سو دس  کورونا ٹیسٹ کئے گئے اور مجموعی طور پر پنجاب میں چھبیس لاکھ انہتر ہزار 9 سو اکاون  ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔

مزید :

علاقائی -پنجاب -لاہور -