سعودی حج پالیسی 2022ء سے قبل بکنگ کرنیوالے قابل گرفت: الحاج مسعود شنواری 

سعودی حج پالیسی 2022ء سے قبل بکنگ کرنیوالے قابل گرفت: الحاج مسعود شنواری 

  

لاہور (انٹرویو: میاں اشفاق انجم:تصاویر ایوب بشیر) سعودی حج پالیسی2022ء آنے سے پہلے حج بکنگ کی اجازت نہیں، اگر کوئی ایسا کر ر ہا ہے تو اس کی گرفت ضروری ہے، وہ ٹریڈ کا خیر خواہ،نہ ضیوف الرحمن کا۔ حرمین شریفین کے دروازے امت مسلمہ کیلئے کھلنا نیک شگون ہے۔سعودی ایس او پیز کے مطابق وزارت مذہبی امور کی زیر نگرانی حج آپریشن2022ء کیلئے تیار ہیں۔ حج ٹریڈ کو بچانے کیلئے حج2022ء کا کوٹہ پرائیویٹ سیکٹر کو دیا جائے۔ایئر لائنز ٹریول،عملہ، حج ٹریڈ کو ریلیف دینے کیلئے ٹکٹ سستے کریں۔عمرہ ٹکٹ کیساتھ بلاوجہ کا قرنطینہ پیکیج زیادتی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی ضیوف الرحمن کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔وفاقی سیکرٹری سردار اعجاز احمد خان جعفر کا زیارات کیلئے حج جیسا نظام بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ حج آرگنائزر کو بغیر شرائط اور فیس کے زیارات آرگنائزر ڈکلیئر کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار حج آر گنائزر ایسوسی ایشن آف پاکستان(ہوپ) کے مرکزی چیئرمین الحاج مسعود شنواری نے روزنامہ ”پاکستان“ سے خصوصی انٹرویو میں کیا۔انہوں نے کہا عمرہ کیلئے بکنگ زائرین تمام معلومات لے کر کریں،عمرہ ایجنٹ ایس او پیز کیساتھ ساتھ دیگر سعودیہ میں پیش آنیوالی مشکلات سے زائرین کو آگاہ کریں تاکہ عمرہ زائرین ذہنی طور پر تیار ہو کر جائیں۔انہوں نے پی آئی اے حکام سے عمرہ ٹکٹ کیساتھ قرنطینہ پیکیج لازمی شرط واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا جن ویکسین کی سعودی حکومت نے اجازت دی ہے جن کیلئے قرنطینہ نہیں،ان کیلئے لازم پیکیج لینے سے عمرہ مہنگا ہو جاتا ہے۔پی آئی اے سمیت دیگر ایئر لائنز سعودی ایئر لائنز کے قواعد کے مطابق سستے ٹکٹ جاری کریں۔ عمرہ،حج بند ہونے سے ٹریڈ مشکلات کا شکار ہے۔وزیراعظم حج2022ء میں اہل پاکستان کا کوٹہ بڑھانے اور یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ایس او پیز کے مطابق سرکاری سطح پر حج اپریشن ممکن نہیں۔پاکستانی پرائیویٹ سیکٹر اپنے مضبوط نیٹ ورک اور وسیع تجربے کے مطابق(SoP) کے مطابق حج2022ء کرانے کیلئے تیار ہیں موقع دیا جائے۔مسعود شنواری نے کہا پنجاب حکومت ٹورازم فیس بڑھانے کا فیصلہ واپس لے،تحریک انصاف کی حکومت ٹریول عمرہ اور حج ٹریڈ کو دو سال کیلئے ٹیکس فری کرے۔انہوں نے وفاقی سیکرٹری اور جوائنٹ سیکرٹری حج کی عمرہ، زیارات حج کیلئے غیر معمولی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حج پالیسی دس سال کیلئے بنانے اور حج آر گنائزر کو پانچ سال کیلئے مستقل لیٹر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -