ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، صدر مملکت 

ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات ہیں، صدر مملکت 

  

 اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے آئی ٹی کی صنعت کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت یافتہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں ایوان صدر میں ہواوے مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر سہیل راجپوت، ہواوے کے نائب صدر مڈل ایسٹ ریجن وانگ شان لی اور آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ ماہرین نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ ہم نے ملک میں ٹیکنالوجی کا فرق دور کرنا ہے، پاکستان کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی ماہرین کو تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ انٹرنیٹ اور ایمیزون کے ذریعے گھر سے ہی کاروبار کیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کے شعبہ میں ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں، پاکستان ایک خاموش انقلاب سے گذر رہا ہے، خواہش ہے کہ نوجوانوں کیلئے مواقع پیدا کئے جائیں۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کی طرف جارہاہے، لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کررہے ہیں تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔ پاکستان کو اپنی نوجوان آبادی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر ہنر مند بنانا چاہئے اور ملک کو آئی ٹی کے شعبہ میں آگے بڑھنا ہوگا۔ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ 450یونیورسٹیوں کے15ہزار طلباء نے ہواوے آئی سی ٹی مقابلہ2021 میں شرکت کی جن میں سے پاکستان کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی صلاحیت منوائی۔ صدر مملکت نے تقریب میں پاکستان کی کامیاب ہونے والی ٹیم کو ہواوے کی جانب سے20 ہزار ڈالر کا چیک بھی دیا۔

صدر مملکت 

مزید :

صفحہ آخر -