”احساس لباس“ پناہ گاہوں میں مقیم افراد میں سردی سے بچاؤ کیلئے گرم کپڑے تقسیم 

”احساس لباس“ پناہ گاہوں میں مقیم افراد میں سردی سے بچاؤ کیلئے گرم کپڑے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (رپورٹ: یونس باٹھ) حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے شروع کی گئی پناہ گاہوں میں مسافروں اور مستحقین کیلئے سردی کی شدت سے بچانے کیلئے خصوصی پیکیج کے تحت جرابیں، مفلررومال، جوتے، گرم شالیں،گرم ٹوپیاں اور جیکٹ فراہم کر دی گئیں۔ احساس لباس کے نام سے یہ سامان مقامی اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ روزنامہ پاکستان کے سروے میں معلوم ہوا ہے کہ پناہ گاہوں میں ضرورتمند لوگوں کو احساس لباس کے نام سے سردی کی شدت سے بچنے کیلئے خصوصی سامان فراہم کیا جارہا ہے، سامان تقسیم کرنے والی مقامی انتظامیہ کے مطابق یہ سامان مختلف این جی اوزکی جانب سے اکھٹا کرکے سوشل ویلفیئر کے ادارہ کو بھجوایا جاتا ہے۔ٹھوکر نیاز بیگ پناہ گاہ اور احساس لباس کے انچارج حسیب اسلم نے روزنامہ پاکستان سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ پنجاب حکومت عوام کی سوشل ویلفیئر کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ضرورتمند لوگوں کی خدمت کرنے سے دلی تسکین ملتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ احساس لباس پروگرام کا مقصد مستحق اور غریب لوگوں کو سردی کی شدت سے بچانا ہے تاکہ انکو بنیادی حقوق میسر آ سکیں۔لاہور شہر میں 14پناہ گاہیں قائم ہیں جن میں ہر روز 3000لوگ مستفید ہوتے ہیں ان پنا ہ گاہوں پر گزشتہ چار روز سے احساس لباس کے نام سے گرم لباس فراہم کیا جارہا ہے۔ سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بتایا کہ پناہ گاہ میں واک تھرو گیٹ نصب کیا گیا ہے جس میں داخلے کے وقت لوگوں کی سخت چیکنگ کی جاتی ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ اور مقیم افراد کو وارداتوں سے محفوظ بنانے کیلئے خفیہ کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں جن سے سخت مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے۔ اس کے ساتھ پناہ گاہ میں مقیم افراد کی حفاظت کے لئے پولیس اہلکاروں سمیت نجی کمپنی کے سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں جو 24گھنٹے سکیورٹی فرائض سرانجام دیتے ہیں۔
احسا س لباس

مزید :

صفحہ آخر -