پشاور‘ 8 ہزار لیٹر مضر صحت کیچ اپ‘ سرکہ اور چلی ساس برآمد 

پشاور‘ 8 ہزار لیٹر مضر صحت کیچ اپ‘ سرکہ اور چلی ساس برآمد 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے پشاور کے علاقے بورڈ بازار میں بڑی کاروائی کرتے ہوئے ایک یونٹ سے مضر صحت کیچپ، چلی ساس،  اور سرکے کی بڑی کھیپ برآمد کرلی۔ یونٹ سے مضر صحت پراڈکٹس شہر کے مختلف حصوں میں سپلائی کئے جاتے تھے۔ چھاپے کے دوران ملزمان کو متعلقہ اشیاء کی تیاری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق وزیر خوراک عاطف خان کی ہدایت پر صوبے بھر میں میگا اپریشنز کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے۔ بورڈ بازار میں کاروائی کے دوران یونٹ سے 8 ہزار لٹر مضر صحت سرکہ، کیچپ اور چلی ساس ضبط کرکے موقع پر ہی تلف کردیا گیا، چھاپے میں غیر معیاری کسٹرڈ کی بڑی مقدار بھی ضبط کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق یونٹ میں سرکے، کیچپ اور چلی ساس کی تیاری میں مضر صحت کیمکلز اور رنگوں کا استعمال کیا جارہا تھا، مضر صحت اشیاء خوردنوش کی تیاری پر متعلقہ یونٹ مالکان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائیگا۔ کاروائی کے دوران پیکنگ میٹریل ضبط کرلیا گیا۔ ڈی جی فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کا کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء خوردنوش کی تیاری اور خرید و فروخت سے باز آئے، بصورت دیگر انکے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری بھی ایسے یونٹس کی نشاندہی میں اتھارٹی کی مدد کریں اور اپنی شکایات اتھارٹی کے ٹال فری نمبر پر درج کرائیں، تاکہ مارکیٹ میں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائے جاسکیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -