منی بجٹ‘ عوام پر 343 ارب ٹیکسز عائد کردیئے گئے‘ غلام علی 

  منی بجٹ‘ عوام پر 343 ارب ٹیکسز عائد کردیئے گئے‘ غلام علی 

  

پشاور(سٹی رپورٹر) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ایگزیکٹیو کونسل رکن حاجی غلام علی اور صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے ملک وقوم کی غیرت وناموس کو آئی ایم ایف پر فروخت کرکے آئی ایم ایف کے کہنے پر پاکستانی عوام پر 343ارب کے نئے ٹیکسز عائد کردیئے جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ اور عوام فاقوں پر مجبور ہوجائینگے، منی بجٹ منظور ہوتے ہی بجلی فی یونٹ 4روپے 30پیسے مہنگی جبکہ اشیائے خوردونوش سمیت ہرچیز مہنگی ہوجائے گی، غریب عوام، تنخواہ دار طبقے کو کوئی ریلیف اور تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ جن اراکین قومی اسمبلی نے آئی ایم ایف کے کہنے پر قوم پر 343ارب کے ٹیکس کی منظوری دی دراصل انہوں نے اپنی سیاسی موت اور عوام کے ہاتھوں اپنی سیاسی زندگی کے خاتمے پر دستخط کئے، انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں عوام اورنوجوانوں نے موجودہ حکومت کو عبرت ناک شکست دے دیا اور اب343ارب کے نئے ٹیکس لگانے پر انشائاللہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکمران جماعت کو پولنگ ایجنٹ بھی نہیں ملے گا۔ انہو ں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے100فیصدسے لے کر300 فیصد اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ملک کی معاشی صورتحال تباہ وبربادکر رکھ دی، قومی غیرت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی، کنٹینر پر کھڑے ہو کر جوجھوٹ بولا،آج ان کے سننے کے لئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کا فرض بنتاہے کہ موجودہ حکومت کے خاتمے میں جمعیت علمائاسلام کا ساتھ دے کر آنے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں حکمران جماعت اور ان کے اتحادیوں کو شکست پاش دے کر عوام دشمنی کا بدلہ لیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ایم این اے عوام کے مفادکی بجائے اپنے تنخواہ کے لئے کام کررہے ہیں اوراب وہ وقت آنے والا ہے کہ قوم ووٹ کی طاقت سے اقتدار کے ایوانوں سے نکال کر باہر کرے گی، آئے روز مہنگائی،بے روزگاری اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے نااہل حکمرانوں کا منشور بن چکاہے ایسی صورتحال میں پوری قوم کا فرض بنتا ہے کہ ایسی نااہل، ناسمجھ، ناتجربہ کار لوگوں کو اقتدار کے ایوانوں سے اٹھاکر باہر پھینک دیں۔ انہوں نے کہاکہ کل منی بجٹ پاس کرنے کے بعد 4روپے 30پیسے بجلی مہنگی ہوگئی اس کاجواب قوم انشائاللہ بلدیاتی کے دوسرے مرحلے اور جنرل الیکشن میں دے گی اس نااہل حکومت کے خلاف پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمعیت علماء اسلام ہر اول دستے کا کردار ادا کرتے رہینگے جب تک اس نااہل حکمرانوں کو گھربھیج نہ دیا جائے تب تک مہنگائی مزید عوام کوزندہ درگوکرے گی۔ انہوں نے کہاکہ 8روپے یونٹ پر عمران خان کنٹینرپر بجلی کا بل جلاتے تھے، خود 20روپے بجلی مہنگی کردی قوم ان سے حساب مانگتی ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -