بون میروٹرانسپلانٹ میں ڈاکٹروں کی سپیشلائز یشن ضروری ہے، کامران بنگش 

بون میروٹرانسپلانٹ میں ڈاکٹروں کی سپیشلائز یشن ضروری ہے، کامران بنگش 

  

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے جمعہ کے روز خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور نئی بننے والی عمارتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو بون میرو ٹرانسپلانٹ بارے بریفنگ دیتے ہوئے وائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ اس کے لئے کے ایم یو کو 10 کروڑ روپے درکار ہونگے جس سے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کو مکمل طور پر فعال کر سکیں گے۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ یہ تھیلیسیمیا اور بلڈ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کی روک تھام، کنٹرول اور علاج کے حوالے سے اسے مزید بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ بنانے میں حکومت آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔ اس منصوبے کو صوبے کے وسیع تر عوامی مفاد میں بغیر کسی تاخیر کے جلد از جلد شروع کیا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہوگی کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کو صحت انصاف کارڈ میں شامل کیا جائے کیونکہ اس کا علاج مہنگا ہے اور غریب مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہوسکتے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ میں ڈاکٹروں کو سپیشلائزیشن کرنی چاہیے کیونکہ خیبر پختونخوا میں بون میرو سپیشلسٹ کا فقدان ہے۔حکومت اس میں آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔صوبائی وزیر نے کے ایم یو میں انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا۔

پشاور (سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم کامران خان بنگش نے جامعہ پشاور کے جرنلزم ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے جامعہ پشاور کی انتظامیہ سے اس سلسلے میں رپورٹ طلب کرلی ہے، صوبائی وزیر نے کہا کہ جامعات میں پرتشدد واقعات کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز جامعہ پشاور میں ناخوشگوار واقعہ کے حوالے سے اپنے دفتر سے جاری ایک خصوصی بیان میں کیا، صوبائی وزیر نے کہا کہ تشدد میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی انھوں نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف ہمارے روحانی باپ کی طرح ہوتے ہیں بلکہ ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اساتذہ کی عزت کرنا ہم سب پر فرض ہے اس لئے اساتذہ کی عزت و احترام پر کسی بھی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کی جامعات کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات جاری ہیں اس لئے اساتذہ بھی درس و تدریس پر بھرپور توجہ دیں، کامران بنگش نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اس لئے اساتذہ بھی ملک کے بہتر مستقبل کے لئے درس و تدریس کے ذریعے اپنا کردار ادا کریں۔

مزید :

صفحہ اول -