لو کی موسم خزاں کی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت 

لو کی موسم خزاں کی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت 

  

فیصل آباد(اے پی پی):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو آلو کی موسم خزاں کی فصل کی کاشت فوری شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، کاشت ستمبر کے دوسرے عشرے میں شروع کرکے  اکتوبر کے دوسر ے عشرے تک مکمل کی جاسکتی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے بتایاکہ وطن عزیز میں آلو کی 2فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں ایک فصل موسم خزاں اور دوسری موسم بہار کی فصل کہلاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ آلو کی بہترین کاشت اور اچھی فصل کے حصول کیلئے 28 سے32 ڈگری سینٹی گریڈ تک درجہ حرارت انتہائی موزوں ہوتاہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسم خزاں میں کاشتہ فصل کی برداشت جنوری میں کی جاتی ہے، کاشتکار بیج والی فصل کو 10 اکتوبر تک کاشت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آلو کی کاشت کیلئے 1200 سے 1500کلو گرام فی ایکڑ بیماریوں سے پاک تصدیق شدہ بیج استعمال کرناچاہیے اور بیج کو کاشت سے کم از کم 10 روز پہلے نکال کر خشک جگہ پر پھیلا دیناچاہیے۔

 تاکہ خوابیدگی کی حالت میں موجود بیج اپنے آ پ کو موسمی حالات اور درجہ حرات کے مطابق ڈھال لے۔ ترجمان نے کہا کہ فیصل آباد سفید، فیصل آباد سرخ، ڈیزائری، کارڈینل، ڈایامینٹ، ایس ایچ 5 نامی اقسام شاندار پیداوار کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار زمین کی تیاری، بیج کی مقررہ مقدار، کھادوں کی فراہمی بھی ماہرین زراعت کی مشاورت کے مطابق یقینی بنائیں تاکہ بمپر کراپ حاصل ہو سکے۔

مزید :

کامرس -