پی ٹی آئی کا آج متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں بھر پور حصہ لینے کااعلان 

پی ٹی آئی کا آج متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں بھر پور حصہ لینے کااعلان 

  

     کراچی(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی حیدر زیدی نے سندھ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف آج(ہفتہ)کراچی پریس کلب پر متحدہ اپوزیشن کے احتجاج میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی اس کالے قانون کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں بھرپور حصہ لے گی۔اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی وزیر علی زیدی نے  اہلیان کراچی کو بھی اس احتجاج میں شرکت کی اپیل کی اور کہاکہ احتجاجی مظاہرے میں ایک بڑا اعلان کرنے جارہے ہیں۔علی زیدی نے کہا کہ اس تاریخی احتجاج میں کراچی کے شہری بتا دیں گے ہم اس کالے قانون کو نہیں مانتے، ہم بد دیانتی پر مبنی اس قانون کیخلاف عدالت سے بھی رجوع کرینگے۔انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ترمیمی بل کے خلاف سندھ بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں،ہم اس کالے قانون کو ہر صورت ختم کر کے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ 14 سال سے سندھ پر ایک مافیا قابض ہے،جمہوریت کے علمبردار بننے والوں نے 18 ویں ترمیم کی آڑ میں جمہوریت پر ڈاکہ ڈالا ہے،سندھ حکومت بلدیاتی اداروں کو بے اختیار کر کے وسائل ہڑپ کرنا چاہتی ہے۔جو کام صوبائی حکومت کے تھے وہ وفاقی حکومت نے پورے کیے۔پیپلز پارٹی کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ آصف زرداری کا مافیا ہے۔

مزید :

صفحہ اول -