پی ٹی آئی کا انتخابی نشان کیا ہونا چاہئے تھا؟ مریم نواز نے اوکاڑہ جلسے میں بتا دیا
اوکاڑہ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے اوکاڑہ جلسے میں پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا،شور مچا رہے ہیں کہ انتخابی نشان واپس لے لیا،تمہارا انتخابی نشان وہ گھڑی ہونی چاہئے جو چوری کی ہے،الیکشن کمیشن کو کہہ دیتے ہیں تمہیں ڈنڈے یا پیٹرول بم کا نشان دے دے۔
اوکاڑہ میں مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ آج جو کچھ ان کے ساتھ ہو رہا ہے اس کے ذمے دار وہ خود ہیں،لوگوں کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو گرفتار کیا گیا، ان کی اپنی باری آئی تو بزدلی دکھائی،ان کا کہناتھا کہ شور مچایا جا رہا ہے کہ انتخابی نشان واپس لیا گیا ہے،آپ کا انتخابی نشان بلا نہیں وہ ڈنڈا تھا جس سے قومی تنصیبات پر حملے کئے گئے۔
چیف آرگنائزر ن لیگ نے کہاکہ دہشتگرد کو سیاسی جماعت کا انتخابی نشان نہیں مل سکتا،نہ ان کی سہولت کاری رہی نہ وہ سہولت کار رہے،اللہ نے ان سہولت کاروں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا،اگر تم سمجھتے ہو کہ انٹراپارٹی الیکشن میں فراڈکرکے بچ سکتے ہو تو ایسا نہیں ہوگا۔