حکومت پنجاب شعبہ تعلیم میں بہتری کے لئے ترکی سے شراکت داری کی خواہاں ہے ہفتہ رواں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں پاک ترک معارف انٹرنیشل سکول اینڈ کالج کا افتتاح کیا، تقریب میں ترکیہ کے وزیر تعلیم یوسف تاگن صدر ترک سکول فاؤڈیشن صدر بیرک ایلگن بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاکہ ترکیہ اور پاکستان مختلف شعبہ جات میں ایک دوسرے کا ساتھ دے کر ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں ماضی میں بھی طیب اردگان کی قیادت میں دونوں ممالک میں غیر متزلزل دوستی رہی ہے کوئی دوسری رائے نہیں کہ یہ تعلق ترقی پر منتج ہوگا آج ترکیہ کے وزیر تعلیم کی موجودگی مشترکہ ویژن کی عکاس ہے ملتان جیسے قدیمی شہر میں ترک فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام سکول کا قیام اس تعلق کو مزید مضبوط کرے گا انہوں نے کہا کہ میں ترکیہ کے صدر طیب اردگان کی تہہ دل سے ممنون ہوں کہ وہ پاکستان کے حقیقی بھائی ہیں ہر مشکل گھڑی میں انہوں نے پاکستان کا ساتھ دیا اور کبھی تنہا نہیں چھوڑا بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب نے ملتان میں یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا انہوں نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا اور مسلم لیگی اراکین پارلیمنٹ سے بات کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کا پیغام دیا انہوں نے لیگی ورکرز سے کہاکہ وہ عوام کی خدمت کے منصوبے لائیں حکومت ان کی حمائت کرے گی عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے معیشت کی بحالی کے لئے ہر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مریم نواز شریف نے ایک ہفتے میں خطے کا دوسرا دورہ کیا پہلے وہ رحیم یار خان گئی تھیں جبکہ واپسی پر ملتان میں کچھ وقت کے لئے قیام کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے دوسرے دورہ ملتان کو صرف تعلیم اداروں اور تعلیم سے متعلق سرگرمیوں تک محدود رکھا۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام کے اعزازمیں انجمن تاجران پاکستان کے زیر اہتمام تقریب منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سید فخر امام نے کہا کہ جب تک ملک میں سیاسی استحکام پیدا نہیں ہوتا معاشی خوشحالی کا تصور نہیں کیا جاسکتا بد قسمتی سے بیرونی سرمایہ کاری ختم ہوچکی ہے ہمارا اپنا صنعتکار اور سرمایہ کار اپنا سرمایہ بیرون ملک منتقل کر رہا ہے اگر ہم نیک نیتی سے کام کریں تو ہمارے ملک میں کسی چیز کی کوئی کمی نہیں ہے حکمران اور بالا دست طبقات کو اپنی ترجیحات کو تبدیل کرنا ہوگا آج صنعت ، زراعت، تجارت سب کچھ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے مصنوعی طریقے سے اسٹاک ایکسچینج اور ڈالر کو سہارا دیا جارہا ہے جو کہ سعی لاحاصل ہے اس موقع پر تاجر رہنما خواجہ شفیق نے مہمان کو اعزازی سوینئر پیش کیا۔ جمعیت علما ء اسلام کے زیر اہتمام مدرسہ قاسم العلوم گلگشت میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس سے مولانا فضل الرحمان نے خطاب کیا انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی سے رشتہ کمزور کریں گے تو کافر دنیا کی نعمتوں پر غالب آجائیں گے قوم کو جوڑنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ عدالتیں جب فیصلے میں تاخیر کرتی ہیں تو پارا چنار جیسے فسادات ہوتے ہیں جو کسی کے کنٹرول میں نہیں رہتے انہوں نے کہا کہ سیاست کے محاذ پر ہم نے لوگوں کو سمجھانا، قوم کو جوڑنے کی بات کرنی ہے جب میں پارلیمنٹ میں بات کرتا ہوں تو وہ پوری امت مسلمہ کی نمائندگی ہوتی ہے اب توڑنے کی نہیں جوڑنے کی باتیں ہونا چاہئیں قومی مسائل کو حل کرنے کیلئے مشاورت ہونا چائیے پارہ چنار سنی شیعہ فساد نہٰیں بلکہ اشخاص کے درمیان جائیدار کا تنازعہ ہے جسے حل کرنے کی بجائے حالات کے دھارے پر چھوڑ دیا جاتا ہے جس کے نتائج سنگین نکلتے ہیں حکومت کو اپنی رٹ قائم کر نا چاہئے ساتھ ہی وہاں کے عوام کے مسائل بھی حل کئے جائیں روزگار نہیں تعلیم و صحت کی سہولیات کا فقدان ہے اس موقع پر مفتی اسعد محمود، مولانا ناصر الدین خاکوانی، مولانا اللہ وسایا، سید کفیل شاہ بخاری بھی موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمن نے تقریب اسناد کے جلسے اور قاسم العلوم میں ورکرز کنونشن میں
دبنگ خطاب کیا، ملک میں اندرونی استحکام کی ضرورت اجاگر کی
سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام کے اعزاز میں تاجروں کی تقریب،حکمرانوں
بالادست طبقات کو اپنی ترجیحات تبدیل کرنے کا مشورہ دیا!