راولپنڈی (ویب ڈیسک) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ فنکشنل ہونے کے بعد ضلع اٹک اور راولپنڈی کے مابین علاقائی حدود کا معاملہ حل کرلیا گیا۔
نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز" کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے رن وے، اے ایس ایف کالونی، پارکنگ و مرکزی ٹرمینل بلڈنگ سمیت اطراف سے تین کلو میٹر کے فنل ایریا سمیت پٹوار کے 5 موضع جات کو تھانہ نصیر آباد راولپنڈی کی حدود میں شامل کردیا گیا، ہوم ڈیپارٹمنٹ نے کمشنر و آر پی او راولپنڈی سمیت ڈپٹی کمشنر و پولیس سربراہان کو بھی مراسلے ارسال کردیئے۔
نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جس کو وفاقی دارالحکومت کا پہلا گرین فیلڈ ایئرپورٹ بھی قرار دیا جاتا راولپنڈی اسلام آباد اور اٹک کے3 اضلاع کی حدود میں واقع ہے۔
ایئرپورٹ آپریشنل ہونے کے بعد علاقائی حدود 3 اضلاع میں پھیلی ہوئی ہونے سے قانونی مسائل سامنے آتے تھے جس پر ایئرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ و رن وے وغیرہ کو عارضی طور پر اٹک کے تھانہ نیو ایئرپورٹ کی حدود میں شامل رکھا گیا۔
تاہم اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے مستقل حل کے لیے کیس پنجاب حکومت کو بھی ارسال کیا گیا، گزشتہ دنوں پنجاب کابینہ کی امن و امان سے متعلقہ قائمہ کمیٹی نے حدود کے مسئلہ حل کرنے کی منظوری دی جس کے بعد ہوم ڈیپارٹمنٹ نے چیف سیکرٹری سمیت کمشنر و آر پی او راولپنڈی و ڈی سی و ڈی پی او اٹک و سی پی او راولپنڈی سمیت پولیس سربراہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
مراسلے میں تحریر ہے کہ کابینہ کی قائمہ کمیٹی کی منظوری کے بعد "رن وے، اے ایس ایف کالونی، پارکنگ ایریا، مین ٹرمینل اور اس کا فنل ایریا جو پہلے تھانہ نیو ایئرپورٹ، اٹک کے علاقائی دائرہ اختیار میں تھے اب آئندہ سے تھانہ نصیر آباد، راولپنڈی کے دائرہ اختیار میں رہیں گے۔
کابینہ کمیٹی کی منظوری کے بعد گورنر پنجاب نے بھی احکامات جاری کردیئے جس کے بعد فیصلے پر عملدرآمد شروع کردیا گیا ہے۔