لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کی میز پر ہیں ، یہ لوگ آئین کی عزت نہیں کرتے ۔
لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈر پر پنجاب حکومت نے عمل نہیں کیا، حکومت کا اقدام ظاہر کرتا ہے کہ یہ لوگ آئین کی کوئی عزت نہیں کرتے۔ ہم مذاکرات کی میز پر ہیں تو ذمے داری سے کام لیا جائے۔
"جنگ " کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ہم 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات کے لیے جوڈیشل کمیشن کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔9 مئی اور 26 نومبر کے جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات سے سچائی سامنے آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو پاکستان میں کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا، 26ویں ترمیم کے بعد مایوسی بڑھی ہے۔