جب تک بھارت کا فوجی تسلط مکمل طور ختم نہ ہوا ‘ جدوجہد جاری رکھیں گے،علی گیلانی

جب تک بھارت کا فوجی تسلط مکمل طور ختم نہ ہوا ‘ جدوجہد جاری رکھیں گے،علی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ شہداء کے مقدس خون کے ساتھ کسی کو سودابازی یا غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جب تک بھارت کا فوجی تسلط مکمل طور ختم نہ ہو ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ اس کے ساتھ کسی کو غداری نہیں کرنے دی جائے گی۔علی گیلانی نے نظربندی کے دوران اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر میں خو ف ودہشت کا ماحول پیدا کیا گیا ہے اور بھارت نواز سیاست دان چاہے نیشنل کانفرنس ہو، پی ڈی پی ہو، کانگریس ہو، پیپلز کانفرنس ہو یا بی جے پی ہو خونِ شہداء کے سوداگر ہیں وہ بھی ان شہداء کے مزاروں پر جاکر خراج عقیدت ادا کرتے ہیں، حالانکہ انہیں ان شہداء کو خراج عقیدت ادا کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، کیونکہ یہ سب شہداء کے خون کے سوداگر ہیں ان کو شہداء کے خون کا کوئی احترام نہیں ہے، بلکہ یہ شہداء کے قاتل فوج کے مددگار ہیں اور یہی جموں کشمیر کو غلام بنانے کے ذمہ دار ہیں۔ 47ء سے ہی یہ پورا خطہ بھارت کے قبضے میں ہے، جس نے یہاں بڑی بے دردی سے انسانی خون بہا کر 600سے زائد شہداء کے مزار آباد کئے اور 6؍لاکھ لوگوں کو شہید کیا۔ عزتیں اور عصمتیں لوٹیں، جائیدادیں خاکستر کیں، دکانات اور مکانات گرادئے گئے، 10ہزار سے زیادہ لوگوں کو لاپتہ کردیا گیا، 7600گُم نام قبریں ہیں جن کے بارے میں کچھ نہیں معلوم کہ ان میں کون لوگ دفن ہیں۔ 47ء سے لیکر آج تک یہ سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ علی گیلانی نے کہا ہم تمام شہداء کو خراج عقیدت ادا کرتے ہیں، جنہوں نے غلامی، بربریت، ظلم وتشدد اور سامراجیت سے نجات حاصل کرنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ علی گیلانی نے کہا آج کی صورتحال کو مدّنظر رکھتے ہوئے ہمیں اﷲ پر بھروسہ کرنا چاہیے وہی ہمارے لیے کافی ہے اور ہمیں اﷲ ہی کے سہارے پر بھروسہ کرنا چاہیے وہی ہمارا مددگار ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیرت مند مسلمان ظاہری صورتوں پر نظر رکھنے کے بجائے اﷲ کی مدد پر یقین رکھتا ہے اور اہل ایمان کو اﷲ ہی کی طرف رجوع کرنا چاہیے۔ علی گیلانی نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ میں بزرگوں، ماؤں، بہنوں اور جوانوں سے دردمندانہ اپیل کرتا ہوں کہ وہ کلمہ شہادت پڑھ کر اﷲ کو گواہ ٹھہراکر عہد کریں کہ 13؍جولائی 31ء کے شہداء کے مقدس خون کے ساتھ کسی کو سودابازی یا غداری کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جب تک بھارت کا فوجی تسلط مکمل طور ختم نہ ہو ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ اس کے ساتھ کسی کو غداری نہیں کرنے دی جائے گی۔ علی گیلانی نے کہا ہمیں بھارت کی غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لیے تجدید عہد کرنا ہوگا، کیونکہ بھارت نے جموں کشمیر پر جابرانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے جس کا بھارت نے خود یہاں کے عوام کے ساتھ وعدہ کیا ہوا ہے اور مسئلہ کشمیر کے متنازعہ ہونے کے بارے میں 18قراردادیں اقوامِ متحدہ میں پاس ہوچکی ہیں، جن کو بھارت اور پاکستان نے اقوامِ متحدہ میں قبول کیا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -