دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی، سیریز 1-1 سے برابر

دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی، سیریز ...
دوسرا ون ڈے: سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دیدی، سیریز 1-1 سے برابر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پالی کیلے (مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا نے دوسری ون ڈے میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے تاہم پاکستان آئی سی سی کی ون ڈی رینکنگ میں ایک درجہ تنزلی کے ساتھ نویں نمبر پر آ گیا ہے۔ کوشل پریرا نے ون ڈے میں دوسری تیز ترین نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے مجموعی طور پر 68 رنز بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔ اوپنرز نے انتہائی محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی اوورز میں سری لنکن باﺅلرز بلے بازوں پر دباﺅ ڈالنے میں کامیاب رہے جس کے بعد اظہر علی اور احمد شہزاد نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 59 رنز جوڑے۔ کپتان اظہر علی 79، شعیب ملک 51 اور محمد رضوان 52 رنز بنا کر نمایاں رہے اور ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنر میدان میں آئے اور باﺅلرز کیلئے ”وبال“ بن گئے۔ ابتدائی اوورز میں تمام ہی باﺅلرز کو تگنی کا ناچ نچا دیا اور 7 اوورز میں 83 رنز بنا کر پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ کوشل پریرا کسی بھی باﺅلر کو خاطر میں نہ لائے اور صرف 17 گیندوں پر11 چوکوں کی مدد سے ون ڈے انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 68 رنز بنائے۔ کوشل پریرا کے آﺅٹ ہونے کے بعد تلکراتنے دلشان اور تھرنگا نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی اور سکور کو انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ آگے بڑھا رہے تھے کہ راحت علی نے ایک شاندار گیند پر پریرا کو پویلین کی راہ دکھائی اور اس سے اگلے ہی اوور میں تلکراتنے دلشان کو بھی بولڈ کر دیا۔ ایک ہی اوور کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر سکور لینے کی کوشش میں سری لنکن کپتان میتھیوز بھی پویلین لوٹ گئے ہیں جس کے باعث تیزی سے بنتے سکور میں بھی کمی آ گئی۔
تھری مانے راحت علی کی گیند پر شاٹ لگانے کی کوشش میں انور علی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ 257 کے مجموعی سکور پر سری لنکا کے 7 بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے اور پاکستان کی جیت کی امیدیں بھی زندہ ہو گئیں تاہم چندی مل اور پریرا نے ذمہ دار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا اور پانچ میچوں کی سریز 1-1 سے برابر کر دی۔ چندی مل نے 48 رنز کی ناقبل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے راحت علی نے 3، محمد حفیظ نے 2 جبکہ محمد عرفان اور انور علی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سیریز کا تیسرا میچ 19 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل -