حکومت عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے مدد کرے ‘ کارپٹ مینو فیکچررز

حکومت عالمی نمائش کی کامیابی کیلئے مدد کرے ‘ کارپٹ مینو فیکچررز

  



لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سیکرٹری انعام اللہ خان دریجو 18جولائی کو کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کا دورہ کریں گے جہاں اکتوبر میں لاہور میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش سمیت دیگر اہم امور زیر بحث آئیں گے ۔ یہ بات کارپٹ ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین اور ایگزیبیشن کے چیئرمین ریاض احمد نے میڈیا نمائندوں کو بتائی ۔انہوں نے کہا کہ کارپٹ کی عالمی نمائش ایک میگا ایونٹ ہے جس کی کامیابی کیلئے کئی ماہ سے اپنی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس حوالے سے ہمیں کچھ مشکلات کا بھی سامنا ہے اور اسی لئے سیکرٹری ٹڈاپ کو ایسوسی ایشن کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے اور ان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہماری درخواست پر ایسوسی ایشن کے دفتر آنے کا وعدہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی کاوشوں کے باعث کئی ممالک کے مندوبین نے شرکت کی یقین دہانی کر ادی ہے جبکہ دیگر کئی ممالک سے رابطے جاری ہیں اور قوی امید ہے کہ ہم اس میگا ایونٹ کے ذریعے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے لانے میں کامیاب رہیں گے ۔ ہماری حکومت اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے درخوا ست ہے کہ میگا ایونٹ کی کامیابی کیلئے ہمارے شانہ بشانہ چلا جائے ۔ ریاض احمدنے بتایا کہ سیکرٹری ٹڈاپ سے ملاقات میں نمائش کی تیاریوں کیلئے اعلان کردہ مالی معاونت کے تناظر میں فنڈز کا جلد از جلد اجراء ،بیرون ممالک سے آنے والے مندوبین کو ویزوں کے حصول میں آسانی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی ۔ہمیں قوی امید ہے کہ وہ اپنے دورہ کے دوران تمام وعدے پورے کرنے کے حوالے سے حتمی اعلان کر یں گے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ وزیرا عظم محمد نواز شریف نمائش کی افتتاحی یا اختتامی تقریب میں شریک ہوں۔

جس کیلئے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں موجودہ سمیت سابقہ عہدیداران اور کارپٹ انڈسٹری سے وابستہ نمائندے شریک ہوں گے اور قوی امید ہے کہ یہ میٹنگ انتہائی مثبت اور دورس نتائج کی حامل ہو گی۔

مزید : کامرس