سونو نگم کا مسلمان بس ڈرائیور کو 5 لاکھ روپے کا انعام
ممبئی(نیٹ نیوز) گلوکار سونو نگم نے مقبوضہ کشمیر میں کئی ہندو یاتریوں کی جانیں بچانے والے ایک مسلمان بس ڈرائیور کو 5 لاکھ روپے انعام دیئے ہیں۔ چند روز قبل جموں میں ہندو ؤں کے مقدس مقام امر ناتھ جانے والی ایک بس پر فائرنگ ہوئی تھی جس میں 6 ہندو یاتری ہلاک جب کہ کئی زخمی ہوگئے تھے۔ بھارتی حکومت اور میڈیا نے اس خبر پر آسمان سر پر اٹھالیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بس کا ڈرائیور اپنی جان سے نا کھیلتا تو جانی نقصان زیادہ ہوتا۔ پہلے پہل تو بھارتی میڈیا نے ڈرائیور کا کردار بڑھا چڑھا کر پیش کیا لیکن جب یہ بات کھلی کہ ہندو یاتریوں کی جان بچانے والا ایک مسلمان ہے تو معاملے کو ہی دبا دیا۔
لیکن سونو نگم نے شیخ سلیم غفور نامی مسلمان ڈرائیور کو 5 لاکھ روپے بطور انعام دیئے ہیں۔سونونگم کا کہنا ہے کہ شیخ سلیم غفور نے ہندو مسافروں کی جان بچائی ہے اور اس لیے بھارتی حکومت بھی اسے انعامات اور اعزازات سے نوازے تاکہ دوسرے لوگ بھی ایسے کاموں میں اپنا حصہ ڈالیں۔ دوسری جانب لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ سونونگم کی مسلمانوں کا دل جیتنے کی ناکام کوشش ہے تاکہ وہ بھارت میں اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرلیں۔