بارشوں سے ڈینگی کی افزائش کا خدشہ ، سرویلنس مہم تیز کرنے کا فیصلہ

بارشوں سے ڈینگی کی افزائش کا خدشہ ، سرویلنس مہم تیز کرنے کا فیصلہ

  



لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے سرکاری محکموں کے ساتھ کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں کی سخت ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ گھروں کے اندر اور چھتوں پر پانی کھڑا نہ ہونے دینا اور ڈینگی باٹ سپاٹس کا خاتمہ مکینوں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری کیپٹن (ر)زاہد سعید، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ علی جان خان، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز ، سپیشل سیکرٹری، پبلک ہیلتھ ایکسپرٹس، ڈینگی ایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ کے کنوینر پروفیسر فیصل مسعود، چیف منسٹر ڈینگی ریسرچ سیل کے انچارج پروفیسر وسیم اکرم، PITB، سپیشل برانچ اور دیگر اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ جبکہ دیگر ڈویثرن /اضلاع کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ز ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فرخ سلطان نے صوبے میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں سال کے پہلے ساڑھے چھ ماہ کے دوران ڈینگی کے 37کنفرم مریض پورے صوبے میں رپورٹ ہوئے جن میں سے 13کا تعلق لاہور، سات کا گوجرانوالہ، چار کا شیخوپورہ اور ایک کا راولپنڈی سے تھا۔ انہوں بتایا کہ تمام ڈینگی کے حساس اضلاع میں آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس جاری ہے جسکے نتیجہ میں ڈینگی لاروا رپورٹ ہو رہا ہے جبکہ بعض اضلاع سے آنے والے اعداد و شمار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ہدایت کی کہ انڈر رپورٹنگ اضلاع میں مزید محنت کے ساتھ ڈینگی سرویلنس کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے ڈینگی کے مشتبہ اور ممکنہ مریضوں اور لاروا رپورٹنگ کے ڈیٹا کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ پروفیسر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر ڈینگی مچھر کی افزائش کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں لہذا انسداد ڈینگی کی سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ کی ضرورت ہے ۔ چیف سیکرٹری نے تمام متعلقہ محکموں افسران، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ ضلع کی سطح پر ڈینگی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کو بھی مانیٹر کیا جائے اور ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں میں کوئی غفلت نہ برتی جائے۔انہوں نے ٹاؤن ایمرجنسی رسپانس کمیٹیوں (TERC) کے اجلاس باقاعدگی کے ساتھ منعقد کرنے کی ہدایت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1