جمعیت علماء پاکستان ترک صدر کی اپیل پر یوم درود و سلام منائے گی

جمعیت علماء پاکستان ترک صدر کی اپیل پر یوم درود و سلام منائے گی

  



لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلی صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے اعلان کیا ہے کہ ترکی کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے طیب اردگان کی اپیل پر 15 جولائی کو ملک بھر میں ’’یوم درود و سلام ‘‘منایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جے یو پی، مرکزی جماعت اہل سنت، انجمن طلباء اسلام اور انجمن نوجوانان اسلام کی تنظیمیں تمام چھوٹے بڑے شہروں میں 9 بجے شب محافل درود و سلام کا اہتمام کریں گی۔ ان محافل میں عالم اسلام کے اتحاد، امت مسلمہ کے مسائل کے حل، دہشت گردی کے خاتمے اور غلبہ اسلام کی دعائیں مانگی جائیں گی اور ترکی کی جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی فوجی کوشش کو ناکام بنانے والی ترک عوام کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اس بات کا اعلان انھوں نے میڈیا کو جاری کیئے گئے اپنے بیان میں کیا ہے۔ صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ ترکی کی بہادر عوام نے گذشتہ برس 15 جولائی کو اپنی جانیں قربان کر کے منتخب جمہوری حکومت کو ختم کرنے کی فوجی سازش ناکام بنا کر عظیم مثال قائم کی تھی۔ فوجی آمر منتخب حکومتوں کے تختے الٹنے کی روش چھوڑ دیں۔ ترکی کی عوام نے فوجی ٹینکوں کے آگے لیٹ کر جس جذبے کا اظہار کیا تھا اس جذبے سے دنیا بھر کے جمہوریت پسندوں کو ولولہ تازہ ملا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1