آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ ریڈنگ سسٹم اور ای چالان کے حوالے سے مشاورت
لاہور (کرا ئم ر پو رٹر )چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی رائے اعجاز احمدنے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں آٹو میٹڈ نمبرپلیٹ ریڈنگ سسٹم ، ای چالاننگ اور ای لائسنسنگ کے حوالے سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی پنجاب سیف سٹی ناصر اکبر خان ، کسٹم، ایکسائز و متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ملاقات میں آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ ریڈنگ سسٹم کے مثبت نتائج حاصل کرنے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سی ٹی او رائے اعجاز احمد نے کہا کہ آٹو میٹڈ نمبر پلیٹ ریڈنگ سسٹم کے حوالہ سے ورکنگ تقریباََ ہو چکی ہے جس کو شہر میں جلد لاگو کردیا جائیگا۔ ایس ایس پی پنجاب سیف سٹی ناصر اکبر خان نے اس موقع پر کہا کہ سیف سٹی کے نصب شدہ کیمرے نہ صرف گاڑیوں کی نمبر پلیٹ کی ریڈنگ کر سکیں گے بلکہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں چالان گاڑی کے ڈرائیور کے گھر پہنچایا جائیگا۔ ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے شہر میں 4 نئے ڈرائیونگ سکولوں کے حوالہ سے ٹیوٹا ہیڈ آفس میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر جی ایم ٹیوٹا عامر عزیز اور مینیجر اعزاز حیدر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ڈرائیونگ سکولوں کو حتمی شکل دینے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر ایس ایس پی رائے اعجاز احمد نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کی خاطر شہر میں مزید 4 نئے ڈرائیونگ سکول بنائے جارہے ہیں۔