محنت ، مشقت ، دیانت اور رزق حلال ہمار اسفر ، نواز شریف کی امانت اور دیانت کی قسم قرآن مجید پر کھا سکتا ہوں : شہباز شریف

محنت ، مشقت ، دیانت اور رزق حلال ہمار اسفر ، نواز شریف کی امانت اور دیانت کی ...

  



اسلام آباد (آئی این پی) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں قرآن پر نواز شریف کی امانت اور دیانت کی قسم کھا سکتا ہوں،ہمارا سارا سفر محنت ،مشقت، دیانت اور رزق حلال کا سفر ہے، سی پیک جیسے منصوبوں پر منفی اثرات ڈالنے والے ملک دشمنی کر رہے ہیں، چین کے بیس بیس چکر لگانے والے کچھ نہ کر سکے جبکہ نواز شریف کے دور میں سی پیک شروع ہوا، ساری قوم جانتی ہے کہ چار سال کے دوران ملک کا نقشہ بدل گیا، اربوں، کھربوں روپے لوٹنے والے کرپٹ عناصر کا بھی کڑا احتساب ہو گا۔مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے شرکاء سے کہا کہ میاں نواز شریف کیلئے آپ کا والہانہ انداز دیکھ کر خوشی ہوئی، اپنے لیڈر کے ساتھ ہر محاذ پر جینے مرنے کا عہد آپ کی وفا کی علامت ہے جبکہ نواز شریف محض میرے بھائی ہی نہیں میرے قائد بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ قائد ہے جس نے 5ارب ڈالر ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا اور اگرہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو ہمارے دشمن نہ جانے کیا کچھ کرتے، اب ہماری طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

شہبازشریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت خالی نعروں سے نہیں ہوتی بلکہ عوام کی خدمت کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے چار برس اسی خدمت کے سفر سے عبارت ہیں۔مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اورجب تک جان میں جان ہے ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرنیوالے بعض سیاستدانوں کو پاکستان کی ترقی اورخوشحالی سے کوئی سروکار نہیں ۔جب پاکستان تیزی سے ترقی کررہا ہے اورمنصوبوں میں شفافیت کی نئی تاریخ رقم کی گئی ہے تو انتشار کے ذریعے ترقی کے سفر کو ڈی ریل کرنے کی کوشش ملک دشمنی کے مترادف ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مخالفین جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کے ذریعے سازشیں کر رہے ہیں اور خوشحالی و ترقی کے دشمن ان عناصر نے بے بنیاد الزامات کا بازار گرم کر رکھا ہے جن کا حقائق سے دور دور تک کا واسطہ نہیں جبکہ پاکستان کا اندھیروں سے نکل کر روشنیوں کی جانب برق رفتار سفر مخالفین کو ہضم نہیں ہو رہا اور بعض سیاستدانوں نے ذاتی ایجنڈے کی خاطر قومی مفادات کو بالائے طاق رکھ دیا ہے اور ان کی منفی سیاست کے باعث ملک کی معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ مخالفین گالی گلوچ اور غیر جمہوری طریقہ سیاست اپنا کر عوام کی خوشحالی کا سفر روکنے کے در پے ہیں لیکن پاکستان کے با شعور عوام نے بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو ہر موقع پر رد کیا ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو آئندہ بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں اورپنجاب کے داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی مزید سخت کی جائے۔ پولیس اورقانون نافذ کرنیوالے ادارے امن عامہ یقینی بنانے کیلئے جانفشانی اورمستعدی سے فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں،گرجاگھروں اوردیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی پر بھر پور توجہ دی جائے اورسکیورٹی پلان کی مکمل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں کومبنگ اورسرچ آپریشن مزید تیز کئے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔کابینہ کمیٹی برائے امن و امان سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت انگیز موادکی اشاعت و تقسیم کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور لاؤڈ سپیکرپرپابندی کے قانون پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے جبکہ اہم عمارتوں ، بازارو ں اور مارکیٹوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے اورامن عامہ کی فضا کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ وضع کردہ سکیورٹی پلان پر 100فیصد عملدرآمد ہونا چاہیئے۔ سٹریٹ کرائم میں ملوث عناصر کیخلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے سب کو مل کر فعال اورمتحرک انداز میں ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

وزیراعلیٰ/ہدایات

مزید : صفحہ اول


loading...