سندھ اسمبلی:خواتین ملازمین کی درخواست پراعلیٰ افسران کے خلاف تحقیقات
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کی خواتین ملازمین نے افسران بالا کی کرپشن کے خلاف اینٹی کرپشن میں درخواست دائرکردی ،سیکریٹری سندھ اسمبلی سمیت پانچ اعلی افسران کونوٹس جاری کرکے اینٹی کرپشن نے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔ ایسے موقع پرکہ سندھ اسمبلی کرپشن کے خاتمہ کے لیے عنقریب اہم ترین قانون سازی کرنے جارہی ہے سندھ اسمبلی کی اٹھارہ گریڈ کی دوخواتین ملازمین نے سیکریٹری سندھ اسمبلی سمیت افسران بالاپرکرپشن کے سنگین ترین الزامات عائد کردیے ہیں اورانہوں نے اینٹی کرپشن سندھ میں درخواست دائرکردی ہے۔ ڈپٹی سیکریٹری سندھ اسمبلی سراج فاطمہ اورگریڈ اٹھارہ کی رپورٹر انیسہ ناز نے اینٹی کرپشن میں درخواست دائرکی ہے کہ سیکریٹری سندھ اسمبلی سمیت پانچ اعلی افسران سندھ اسمبلی مبینہ کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث ہیں ۔ درخواست گذاروں کا کہنا ہے کہ گذشتہ تین برس میں سندھ اسمبلی میں کروڑوں روپے کی ہیراپھیری کی گئی ہے اورسرکاری خزانے کوکروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن سندھ نے سیکریٹری سندھ اسمبلی ، اسپیشل سیکریٹری سندھ اسمبلی ، ایڈیشنل سیکریٹری، پی ڈی اینڈ اوایس ڈی سندھ اسمبلی کو ریکارڈ سمیت تحقیقات کے لیے طلب کرلیا ہے۔