فیڈریشنکو مضبوط بنانے کیلئے چھوٹے صوبوں میں ا حساس محرومی کا ازالہ نا گزیرہے :سکندر شیر پاؤ

فیڈریشنکو مضبوط بنانے کیلئے چھوٹے صوبوں میں ا حساس محرومی کا ازالہ نا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی وسماجی بہبود اورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ فیڈریشن کو مضبوط بنانے کے لئے چھوٹے صوبوں میں احساس محرومی کا ازالہ ضروری ہے جس کے لئے چھوٹے صوبوں کو ان کے حقوق اوروسائل منصفانہ طریقے سے فراہم کرنا نہایت ضروری ہے جس کے بغیر مضبوط وفاق اورمحفوظ جمہوریت کی بقاء ناممکن ہے۔ انہوں نے ان خیالات اظہار پشاور کے مضافاتی علاقے اضاخیل میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیف الرحمن، اصغر خان، عبداللہ ،شفیق الرحمن، انعام اللہ ،مشتاق خان او اشتیاق خان نے درجنوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کااعلان کیا۔ جبکہ اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے متعدد رہنما بھی موجود تھے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ ہمارا صوبہ ضرورت سے زیادہ بجلی ،پانی ،گیس اورتیل سمیت دوسرے وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے محرومیوں اورمسائل سے دوچار بدقسمت قوم پختون ہی ہے۔جن کی اصل وجہ وفاق کی طرف سے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور چھوٹے صوبوں کو نظرانداز کرنے والی پالیسی ہے ۔یہی وجہ سے کہ عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے اوروفاق کے وجود کو خطرات لاحق ہیں جبکہ دوسری طرف غیر ضروری مسائل کو اچھال کر ان ضروری مسائل سے توجہ ہٹائی جارہی ہے اورہمارے وسائل سے پنجاب کے کارخانے چلائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ انتخابات کے دوران جن وعدوں کی بنیاد پر عوام سے مسلم لیگ (ن) نے ووٹ لیے تھے وہ سارے ادھورے رہ گئے جن کا احتساب آئندہ انتخابات میں عوام ضرور کریں گے جبکہ پختونخوا کے نام پرسیاست کرنے والوں نے بھی اپنے دور حکومت میں پختونوں کے حقوق اورترقی کوپس پشت ڈال کرعالمی مفادات کے لئے اپنے علاقے کواستعمال کیاجن کااحتساب قوم کوکرناہوگا۔علاقے کے مسائل کاذکر کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ اوچ نہر کو پانی کی فراہمی کے لئے ورسک ری ماڈلنگ پراجیکٹ پرکام شروع ہے جن پر 12 ارب روپے خرچ ہورہے ہیں جس کے نتیجے میں مذکورہ نہر کو 200 کیوسک پانی کے وعلاوہ 700 کیوسک اضافی پانی مہیا ہو سکے گا تاہم انہوں نے علاقے کی ضروریات کا ازالہ کرنے کیلئے محکمہ آبپاشی کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کے تحت بوسیدہ کھمبوں کی تبدیلی جلد از جلد مکمل کریں تاکہ 200کیوسک پانی کی فراہمی بر وقت ممکن ہو سکے۔انہوں نے اضا خیل سمال ڈیم کے حولے سے عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے محکمہ آبپاشی کے ایکسئین کو موقع پر ہدایت کی کہ تین دن کے اندر اندر علاقے کے مشران کے ساتھ بیٹھ کر ان کی مشاورت سے پانی کے منصفانہ تقسیم کا مسئلہ حل کریں۔علاقے کی بنجر اور زرخیز زمین کی اہمیت کو دیکھتے ہوئے سکندر شیر پاؤ نے فوری طور پر تین شمسی ٹیوب ویلوں کی منظوری دی اور کہا کہ بعد ازاں اس میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا جبکہ مریم زئے علاقہ کیلئے بھی دو شمسی ٹیوب ویلوں کا اعلان کیا۔انہوں نے علاقے میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے ایک جامع منصوبے کا بھی اعلان کیا جس کو ابتدائی طور پر ایک کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔