ملک میں پہلی بار کرپشن کے بڑے بڑے برج الٹنے والے ہیں:عاطف خان
مردان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر تعلیم و برقیات محمد عاطف خان نے کہاہے کہ عوام تحریک انصاف کے قافلے میں شامل ہو کر ہی ملک کو بحرانوں اور اندھیروں سے نکال سکتے ہیں۔ملک میں پہلی بار کرپشن کے بڑے بڑے برج الٹنے والے ہیں ۔صوبائی حکومت نے عوام کے فلاح وبہبود کے لئے جو اقدامات اٹھائے ہیں ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی۔وہ یونین کونسل فاطمہ میں ڈیڑ ہ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے گورنمنٹ پرائمری سکول عزیز آباد کے افتتاح اور بعدازاں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔اس موقع پر قومی اسمبلی کے رکن مجاہد خان،ضلع کونسل کے رکن شیر بھادر،تحصیل کونسلر آیاز صافی اور حاجی نذیر نے بھی خطاب کیا۔محمد عاطف خان نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے جان و ما ل کے تحفظ کویقینی بنانے میں کامیاب ہو چکی ہے اور آئندہ انتخابات میں ملکی سطح پر کامیابی حاصل کرکے ملک سے کرپشن اور لاقانونیت سمیت بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کردیں گے۔اُنہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف جو جہاد شروع کیا ہے اسمیں وہ سرخرو ہو چکے ہیں۔کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی تحریک کی بدولت وزیر اعظم کو احتساب کے کٹہرئے میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ملک ہے لیکن مخلص قیادت نہ ہونے کی وجہ سے ملک آگے کی بجائے پیچھے جارہاہے۔صوبائی وزیر نے کہاکہ صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی بدولت 25لاکھ سے زائد سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے جنت نظیر وادیوں سکا رخ کیا۔انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ سے غریب خاندانوں کو صوبے کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات مل رہی ہے۔انہوں نے صوبائی اسمبلی کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چار سال میں صوبائی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کی ہے جس کا براہ راست فائدہ عام آدمی کو مل رہاہے۔انہوں نے کہا کہ سودکے خلاف قانون کی منظوری سے بدمعاشوں اور سود خوروں کی زندگی کو اجیرن بنادیا گئی ہے۔صوبے کے99فیصد لوگ شریف لوگ ہے لیکن ماضی میں رشوت،بھتہ خوری اور امن و امان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے ایک فیصد لوگوں نے انہیں یرغمال بنا لیاتھا لیکن تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے انہیں آزاد کر دیا ہے اور آج ایک غریب شخص کو بھی اس کا حق آسانی کے ساتھ مل رہا ہے ۔عاطف خان نے کہاکہ ماضی میں لوگ اپنے گھروں کے اندر محفوظ نہیں تھے لیکن تحریک انصاف کی حکومت کا کمال ہے کہ صوبے میں شریف لوگ بغیر کسی دباؤ کے اپنا کاروبار کررہے ہیں ۔محمد عاطف خان نے یونین کونسل فاطمہ کے باسیوں کو درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے30میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جس کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔