کچہ آپریشن، آئی جی پنجاب راجن پور پہنچ گئے، علاقے کا فضائی جائزہ، زخمی اہلکاروں کی عیادت
راجن پور،جام پور،مٹھن کوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ پاکستان،تحصیل رپورٹر)آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا دورہ راجن پور‘ کچہ آپریشن میں زخمی ہونیوالے 3پولیس اہلکاروں کی ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور میں عیادت ‘پھولوں کے گلدستے اور امدادی رقم دی تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے منسٹرسی ٹی ڈی قاضی ایوب گادی، ایڈیشنل آئی جی آپریشن محسن بٹ ، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شاہکار،کمانڈنٹ ایلیٹ فورس پنجاب کرنل سعد سلیم کے ہمراہ راجن پور کا 1روزہ دورہ کیا اس موقع پر آر پی او رحمت اللہ نیازی ،ڈی پی او راجن پور عتیق طاہر، ڈی پی او رحیم یار خان ذیشان اصغر ، ڈپٹی کمشنر راجن پور اشفاق احمد چوہدری و دیگر بھی انکے ساتھ موجود تھے ۔ آئی جی پنجاب کو روجھان کچہ آپریشن پر پولیس لائن راجن پور میں بریفنگ دی گئی ۔آئی جی پنجاب نے کچے کے علاقے کا فضائی جائزہ بھی کیا بعد ازاں ڈسٹرکٹ ہسپتال راجن پور میں کچہ آپریشن میں زخمی ہونیوالے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی انکو گلدستے اور امدادی رقم دی۔سفیر امن علامہ قاری محمود احمد قاسمی نے زخمی اہلکاروں کی جلدصحت یابی کے لیے دعا کرائی بعد ازاں آئی جی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچے کو مکمل طور پر کلےئر کروانے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے ،امن و امان خراب کرنے اور محب وطن شہریوں پر ظلم کرنیوالوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔گورنمنٹ ہر صورت میں اپنی رٹ قائم رکھے گی ۔مقامی لوگوں اور میڈیا کی انفارمیشن سے بہت جلد ان لوگوں تک پہنچ جائیں گے۔دریں اثناء روجھان کے دریائی علاقوں میں ڈاکووں کے حملہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے واقعے میں شہید اور زخمی ہونیوالے پولیس ملازمین اور مقامی افراد کی الگ الگ 3ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں ،تینوں ایف آئی آرز میں 13نامزد ڈاکوؤں اور 15نامعلوم ملزمان کو شامل جرم ٹھہرایا گیا ۔تینوں ایف آئی آرز میں ڈاکوؤں کے خلاف دہشتگردی7ATAسمیت قتل،اقدام قتل اور دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔ قبل ازیں آئی جی پنجاب نے زخمی کانسٹیبل سے مکالمہ کیا کہ گولیاں ہم نے بھی کھائی ہیں ڈٹ کر مقا بلہ کرنا ہے صوبائی وزیر سی ٹی ڈی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت پنجاب انہیں بھرپور وسائل فراہم کریگی اور کچے کوڈاکوؤں سے پاک کرکے دم لیں گے۔راجن پور،جام پور سے نامہ نگار،تحصیل رپورٹر کے مطابق قبل ازیں آئی جی پولیس پنجاب وزیر اعلیٰ کے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پولیس لائین راجن پور پہنچے تو آر پی او ڈیرہ رحمت اللہ نیازی ،ڈپٹی کمشنر اشفاق احمد ،ڈی پی او عتیق طاہر ،ڈی پی او ذیشان اصغر ،ڈی ایس پی سید رمیض بخاری،ڈی ایس پی عظیم بھٹی ،ڈی ایس پی ظفر بزدار ،ڈی ایس پی آٖصف رشید، پی اے عمران منیر نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا ۔آئی جی پولیس عثمان خٹک نے پولیس لائین راجن پور میں منسٹر برائے سی ٹی ڈی ایوب گادی،ایڈیشنل آئی جی آپریشن محسن بٹ ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ فیصل شہاکار ،کمانڈنٹ ایلیٹ فورس پنجاب کرنل سعد سلیم ،آر پی او ڈیرہ رحمت اللہ نیازی کے ہمراہ پولیس شہداء کی یادگاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔قبل ازیں پنجاب پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔وہ جمعہ کے روز ڈی ایچ کیو ہسپتال راجن پور میں حالیہ پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والے ملازمین کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایوب گادی نے کہا کہ آج اعلیٰ سطحی پولیس افسران کا یہ دورہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے حکم پر ہوا ہے جنہوں نے اب کچہ کے علاقوں کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔آج کے اجلاس میں پولیس افسران نے کچہ آپریشن کے تمام تر زمینی حقائق کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور جلد ہی ٹھوس تجاویز مرتب کر کے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی جائے گی۔انہوں وزیر اعلیٰ کی طرف سے زخمیوں کو پھول کے گلدستے او ر تحائف پیش کئے ۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے مفت اور معیاری علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے۔