پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کردیاہے، وزیرقانون

پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کردیاہے، وزیرقانون

  



پشاور( سٹاف رپورٹر ) خیبر پختونخواکے وزیر قانون و پارلیمانی امور امتیاز شاہد قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے پولیس فورس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت سے پاک کرکے مکمل طور پربا اختیار بنادیا ہے اوریہ اپنی لازوال قربانیوں سے پاکستان کا بہترین اورقابل تقلید فورس بن گیا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی وجہ سے لوگوں کو راتوں کی نینداوردن کا چین نصیب ہوا ہے اورسرحدیں محفوظ ہیں۔ اس نے پاک فوج کے شانہ بشانہ صوبے سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا کافی حد تک خاتمہ کردیاہے۔وہ جمعہ کے روز پولیس ٹریننگ سکول کوہاٹ میں 67ویں پولیس پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ سکول کے پرنسپل سید مختار شاہ نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سکول کی کارکردگی کو اجاگر کرنے کے علاوہ100سولر پینل کی تنصیب،باؤنڈری وال اورآڈیٹوریم کی تعمیر کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پردوسروں کے علاوہ ڈی آئی جی کوہاٹ اول خان، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اکمل خان خٹک، ڈی پی او کوہاٹ جاوید اقبال،پولیس افسران اور جوانوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ وزیرقانون نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس فورس کی بہتری میں کو ئی کسر نہیں چھوڑی ہے اوراس کی پولیس میں عدم مداخلت کی پالیسی کی وجہ سے پولیس کا مورال بلندہوکر یہ اب ناقابل تسخیرفورس بن چکی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پولیس فورس کو مثالی بنانے میں پارٹی قائد عمران خان ،وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک اور ان کی ٹیم کا بھی بنیادی کردار ہے اوریہ پہلے وزیراعلیٰ ہیں جس نے اپنے اختیارات پولیس کو دیئے ہیں جس کی وجہ سے یہ ملک کا نمبر ون فورس بن چکاہے اور اس کی بہتر کارکردگی کی تمام حکومتیں اور سرکاری و غیر سرکاری تنظیمیں معترف ہیں۔ امتیاز قریشی نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے جوان اپنے حلف کی پاسداری کریں گے اور وہ باہر جاکر اپنی تمام تر صلاحیتوں کو عوام کے جان و مال اور آبرو کے تحفظ اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے بروئے کار لائیں گے۔ پیش کردہ سپاسنامے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ باؤنڈری وال کا پی سی ون تیار ہے اور اس پر بہت جلد کام شروع کردیا جائے گا جبکہ سولر پینل کی تنصیب کے لئے ڈپٹی کمشنر کو موقع پر ہدایت کی۔انہوں نے آڈیٹوریم کی تعمیر کابھی اعلان کیا۔ قبل ازیں وزیر قانون نے پریڈ کا معائنہ کیا اور فورس کے چاق و چوبند دستے سے سلامی لی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر