چین اور بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے درمیان معاہدے پر دستخط

چین اور بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے درمیان معاہدے پر دستخط

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی اور چین کے ادارے بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف جینامکس، چائنیز اکیڈمی آف سائنسزکے درمیان ایک مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے علوم الحیات و دیگر سائنسی علوم کے شعبوں میں مشترکہ طور پر ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ پر کام کرینگے۔ معاہدے کے مطابق بین الاقوامی مرکز اور چینی ادارے کے درمیان سائنسدانوں اور ٹیکنیشنوں کا باہمی تبادلہ بھی کیا جائیگا تاکہ ماہرین کو سائنسی، تربیتی اور تحقیقی مواقع فراہم ہوسکیں، دونوں تعلیمی و تحقیقی ادارے ہر سال متعلقہ موضوعات پر مشترکہ ورکشاپ کا انعقاد بھی کرینگے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری اور بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف جینامکس سربراہ ڈاکٹر یانگ بیاو زو نے اس مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کیے، بعد ازاں ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ ، جامعہ کراچی میں ایک اجلاس کے دوران ڈاکٹر یانگ بیاو زو اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے قائم مقام سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شائق علی نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال کیا، انھوں نے دونوں اداروں کے درمیان علوم الحیات جیسے شعبہ جات میں مشترکہ تحقیق عمل کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس اجلاس میں چینی وفد میں شامل دیگر مندوبین بشمول ڈاکٹر چینگنگ زینگ، ڈاکٹرسونگانین ہو، ڈاکٹریمنگ باؤ، ڈاکٹر زھنگ زھنگ، ڈاکٹر جیان ویو بھی موجود تھے جبکہ بین الاقوامی مرکز کے مندوبین نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی، جس میں ڈاکٹر یانگ بیاو زو اورآئی سی سی بی ایس کی ڈاکٹر حنا صدیقی نے اپنے اداروں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس کے اختتام پر چینی وفد نے جمل الرحمن سینٹر فار جینوم ریسرچ، ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری اور ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ کا دورہ کیا جہاں انھوں نے جدید تحقیقی سہولیات کا معائنہ کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر