اداروں کی طرف سے تاجرکش رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا،زاہد بختاوری

اداروں کی طرف سے تاجرکش رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا،زاہد بختاوری

  



راولپنڈی( جنرل رپورٹر) تاجر برادری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام تاجر رہنماؤں کو اپنے اختلاف بالائے طاق رکھ کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا اور اداروں کی طرف سے تاجرکش رویے کو مزید برداشت نہیں کیا جائیگا تاجربرادری کو چور اور قاتل کہنے والے آج خود اس کٹہرے میں کھڑے ہیں اور پنجاب ڈرگ ایکٹ ترمیمی بل 2017 کے خاتمے کیلئے پنجاب بھر کی تاجر برادری متحد ہے اوراس مسئلہ کے حل میں تاخیری حربے استعمال کرنے سے حکومت پنجاب اپنا اعتماد مزیدکھو رہی ہے اسحاق ڈار وزیر خزانہ رہنے کا اخلاقی و قانونی جواز کھو چکے ہیں ان مشترکہ اعلامیوں کا اعلان مرکزی تنظیم تاجران کنٹونمنٹ رجسٹرڈ اور پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی کی جانب سے مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے نو منتخب صدر شرجیل میر و دیگر عہدیدارن کے اعزاز میں دیے گئے استقبالیہ میں کیا گیا جس میں پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین زاہد بختاوری راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال صدر آل پاکستان انجمن تاجران چوہدری کاشف ڈاکٹر جمال ناصر چوہدری محمد اقبال شیخ محمد سلیم کاشف ریاض شیخ عنایت اللہ چوہدری عمران رشیدشیخ محمد وامق نوروارث خٹک خان وزیر شیخ محمد علی شیخ مقبول احمد اکرام اللہ سہیل افضل طاہر تاج بھٹی کے علاوہ راولپنڈی کی تاجر تنظیموں کے دیگر رہنما شریک ہوئے۔ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین زاہد بختاوری نے کہا کہ ظالمانہ حکومتی رویوں اور جبر کے خلاف جرات و بہادری سے مقابلہ کرنا ہوگا اور کسی بھی قسم کی زیادتی کی صورت میں تمام آئینی و قانونی حق استعمال کرینگے اور آپس میں اتحاد و یگانت کی بدولت ہی ہم اپنے مسائل کو حل اور عزت نفس کو بچا سکتے ہیں زاہد بختاوری نے مزید کہا کہ راولپنڈی کی تمام تاجر برادری اور دھڑے ہمیشہ کی طرح ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں بالخصوص ارشد اعوان گروپ مسائل کے حل کیلئے ہمارے شانہ بشانہ کھڑا ہے اس موقع پر راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر راجہ عامر اقبال نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر ہمیشہ کی طرح تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے انہوں نے مزید کہا کہ تمام تاجر برادری کو اپنا ٹیکس بر وقت اور ایمان داری سے ادا کرنا ہوگا تاکہ حکومتی اخراجات کو پورا کیا جاسکے۔استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ شرجیل میر کا مرکزی انجمن تاجران کا صدر بننا خوش آئند ہے اور ان کے عہد صدارت میں تاجر برادری کے مسائل بہتر طریقہ سے حل ہونگے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر آل پاکستان انجمن تاجران چوہدری کاشف نے اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا اور کہا کہ کیمسٹوں کے مسائل حل کرنے کیلئے انکی جدوجہد میں تمام تاجر برادری عملی طور پر شریک ہونگے آخر میں مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے نو منتخب صدر شرجیل میر نے کہا کہ میں اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے کیلئے انتھک محنت کرونگا تاکہ تاجر برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے تمام آپشنز بروئے کارلائے جا سکیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر