بھارت کی آبی دہشتگردی ،کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل ،پانی ذخیرہ کرنا شروع کر دیا

بھارت کی آبی دہشتگردی ،کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل ،پانی ذخیرہ کرنا شروع کر ...

  



اسلام آباد(آن لائن)بھارت نے عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ نظرانداز کرتے ہوئے کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرلی ،بین الاقوامی ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں بھارتی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ کشن گنگا ڈیم میں پانی کے بہاؤ سے متعلق پاکستان کے اعتراضات دور کرکے اس ڈیم کی تعمیر مکمل کی جائے۔مصدقہ ذرائع کے مطابق بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے طے شدہ ڈیزائن کے مطابق کشن گنگا ڈیم کی تعمیر مکمل کرکے اس میں پانی ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔بھارتی حکومت کا یہ اقدام عالمی عدالت انصاف کے حکم میں کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔عالمی ثالثی عدالت نے اپنے فیصلے میں بھارتی حکومت کو کشن گنگا ڈیم کی جھیل سے فی سیکنڈ9مکعب میٹر پانی چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں زیر تعمیر متنازعہ کشن گنگا ڈیم کے ذریعے دریائے نیلم اور وولر جھیل کو تقسیم کرتے ہوئے بجلی منصو بے بنانا چاہتا تھا اور اس سلسلہ میں بھارت نے عالمی ثالثی عدالت سے حکم امتناعی ختم کرانے کیلئے بھی رابطہ کیا تھا۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں زیر تعمیر کشن گنگا ڈیم کیلئے دریا کے پانی کا رخ موڑنے کی اجازت ہوگی،تاہم منصوبے کیلئے دریائے نیلم میں پانی کے بہاؤ کو درکار سطح پر برقرار رکھناہو گا اور پاکستان کو آدھا پانی فراہم کرے گا۔عالمی ثالثی عدالت کا فیصلہ ’’جزوی طور پر‘‘ پاکستان کے حق میں تھا۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں دریائے جہلم پر زیر تعمیر کشن گنگا ڈیم پر پن بجلی کے منصوبہ کی تعمیر پر اعتراض کر رکھا تھا۔انڈس واٹر کمیشن حکام کے مطابق پاکستان کا اعتراض تھا کہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیر سے پاکستان میں زیر تعمیر نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ متاثر ہوگا۔پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں زیرتعمیر متنازعہ کشن گنگا ڈیم کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھایا تھا اور اسے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی ثالثی عدالت سے رجوع کیا تھا۔

بھارتی آبی دہشتگردی

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر