چودھری نثار ذاتی مصروفیات کے باعث پارٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے

چودھری نثار ذاتی مصروفیات کے باعث پارٹی اجلاس میں شرکت نہیں کرسکے

  



اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شرکت نہ کرسکے جبکہ ترجمان وزارت داخلہ نے گزشتہ روز بعض میڈیا چینلز پر چلنے والی خبروں کو قیا س آرائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ نے کابینہ اجلاس میں واک آؤٹ کیا ہے اور نہ ہی کوئی ان کی تلخ کلامی ہوئی ہے،آئندہ دنوں میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان میڈیا کواپنے موقف سے آگاہ کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیر داخلہ کے بیان سے متعلق کی جانے قیاس آرائیوں اور غیر حقیقی تبصروں سے گریز کیا جائے،ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے،وفاقی وزیر چوہدری نثار علی کی اجلاس میں کسی سے تلخ کلامی ہوئی ہے اور نہ ہی انہوں نے کابینہ اجلاس سے واک آؤٹ کیا ہے،ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں وزیر داخلہ ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کرسکے،اس سے پہلے بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاسوں میں وہ شرکت نہیں کرسکے اس لئے میڈیا قیاس آرائیوں پر مبنی خبروں سے گریز کرے اور غلط رنگ نہ دے،جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار آئندہ چند دنوں میں میڈیا کے سامنے اپنا موقف رکھیں گے واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کے پارٹی ہائی کمان سے اختلافات کی خبریں دو تین روز سے میڈیا کی زینت ہیں۔

چودھری نثار

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر