دشمن ایجنسیاں پاکستان کے خلاف سرگرم ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،پاکستان کیخلاف سازشیں خاک میں ملا دینگے: جنرل زبیر محمود حیات

دشمن ایجنسیاں پاکستان کے خلاف سرگرم ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،پاکستان ...
 دشمن ایجنسیاں پاکستان کے خلاف سرگرم ،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،پاکستان کیخلاف سازشیں خاک میں ملا دینگے: جنرل زبیر محمود حیات

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں کے قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے، دشمن ایجنسیاں پاکستان کے خلاف سرگرم ہیں، افغانستان اور دیگر جگہوں سے کارروائیاں کر رہی ہیں اور”را ”بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کر نے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہاہے،بھارتی خفیہ ایجنسی کی تخریبی سرگرمیوں کا مقصداربوں ڈالر کے سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنا ہے،کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، دشمنوں کے عزائم نا کام بنا دیں گے ، پاکستان دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے۔  پاکستان کو خطہ میں دفاعی اور معاشی لحاظ سے اہم مقام حاصل ہے، پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ماضی میں ناکام ہوئی ہیں اور یہ مستقبل میں بھی ناکام ہوں گی، پاکستان کی امن اوراستحکام کی خواہش یکطرفہ ٹریفک نہیں،ہم کوئی غلطی نہیں کریں گے اور دشمنوں کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے، سی پیک کی ترقی میں گوادر بندرگاہ کو بنیادی حیثیت حاصل ہے، آپریشن ردالفساد کا مقصد دہشتگردوں اورانکے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ ہے۔ پاکستان کا امن اوراستحکام دنیا کے مفاد میں ہے، پاکستان پرامن بقائے باہمی پریقین رکھتا ہے ،علاقائی مسائل کے حل کے لیے پاکستان کواہمیت حاصل ہے، پڑوسیوں سمیت تمام ممالک کیساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں،افغانستان میں امن خطے کی سلامتی کے لیے ضروری ہے،  ہم اپنے اتحادیوں ، دوستوں اورپارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ خطہ اور پوری دنیا میں امن ، استحکام اور خوشحالی لائی جا سکے،پاکستان سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے، پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اور طاقت کا مظہرہیں، پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اور سلامتی میں مرکزی کردار ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نےپاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں کیڈٹس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں 107ویں مڈشپ مین، 16ویں شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ ہوئی، جس میں 100 افسران پاس آوٹ ہوئے، جس میں بحرین، قطر اور سعودی عرب کے 28کیڈٹس بھی شریک تھے، 107ویں مڈشپ مین اور 16ویں شارٹ سروس کمیشن کی تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود مہمان خصوصی تھے، اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کو انعامات سے نوازا گیا جبکہ نیول چیف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ وہ پاس آٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، پاکستان نیوی کا ملکی دفاع اورسلامتی میں مرکزی کردار ہے، پاکستان سے وفاداری ہم سب کی پہلی ترجیح ہے اور پاکستان کی مسلح افواج قومی اتحاد اورطاقت کا مظہرہیں۔جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ہماری افواج قومی اتحاد اور طاقت کی علامت ہیں جو عوام کی خواہشات کی ترجمانی کرتی ہیں ۔ واحد مقصد ، غیر متزلزل عزم اور وطن پر جان قربان کے لیے ہر وقت تیار رہنے کی وجہ سے عوام ہم پر مکمل یقین رکھتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے جوانوں پر فخر کرتی ہے ۔  ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا امن اوراستحکام دنیا کے مفاد میں ہے، پاکستان تمام ممالک بالخصوص اپنے ہمسایہ ممالک کیساتھ پر امن بقائے باہمی کے اصول کے تحت تعلقات چاہتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن و استحکام پاکستان کی سیکیورٹی کے لیے اہم ہے ۔ ہم اس سلسلے میں دو طرفہ اور کثیر جہتی سطحوں پر اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مظالم کو پاکستان سخت تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے خلاف بلاواسطہ طریقہ سے لڑنے والے دشمنوں سے مقابلہ کر رہا ہے ۔ پاکستان دشمن ایجنسیوں بالخصوص ” را ” کی جانب سے درپیش خطرات سے بخوبی آگاہ ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دشمن ایجنسیاں افغانستان اور دیگر جگہوں سے کارروائیاں کر رہی ہیں تاکہ پاکستان عمومی طور پر اور بلوچستان میں خصوصی طور پر بد امنی پیدا کی جائے اوراربوں ڈالرمالیت کے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو سبوتاژ کیاجاسکے،پاکستان دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے، جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ ان چیلنجز اور خطرات سے نمٹنے کے لیے ہم قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کے لیے پر عزم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلح افواج کا اس سلسلہ میں اہم کردار ہے ۔ہم کوئی غلطی نہیں کریں گے اور دشمنوں کے منصوبوں کو خاک میں ملا دیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ” رد الفساد ” صرف عسکری مہم ہی نہیں بلکہ یہ قومی عزم اور جذبہ کا عکاس ہے ۔ ہم پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے لیے پر عزم ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج دیگر ملکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بیرونی ریاستی سپانسرڈ عناصر جو کہ مقامی پراکسیز کے ذریعہ کام کر رہے ہیں ان دہشت گردوں کے خاتمہ اور ان کے پورے ملک میں نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطہ میں دفاعی اور معاشی لحاظ سے اہم مقام حاصل ہے ۔ پاکستان کا خطہ کے مسائل کے حل میں اہم کردار ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوششیں ماضی میں ناکام ہوئی ہیں اور یہ مستقبل میں بھی ناکام ہوں گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحادیوں ، دوستوں اورپارٹنرز کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں تاکہ خطہ اور پوری دنیا میں امن ، استحکام اور خوشحالی لائی جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم مل کر ذمہ داری کو ادا کریں گے تو اس کے فوائد بھی سب کو حاصل ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی امن اوراستحکام کی خواہش یکطرفہ ٹریفک نہیں ۔ جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی نے ٹاسک فورس 88 قائم کی ہے تا کہ سی پیک اور گوادر پورٹ کو درپیش روایتی اور غیر روایتی خطرات کا مقابلہ کیا جا سکے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بھی سمندری حدود کی حفاظت کے حوالہ سے ضروریات سے مکمل طور پر آگاہ ہے اورپاکستان نیوی کی موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے فنڈز فراہم کر رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکروٹس جب دنیا کے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی سیڑھی پر قدم رکھیں گے پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہو گی اور قوم ریکروٹس سے اچھی توقعات ہی رکھتی ہے  ۔

مزید : قومی


loading...